رانا مشہود کی پی ایف یو سی کی نومنتخب قیادت کو مبارکباد ، نیک خواہشات کا اظہار

قلم کار معاشرے کے سفیر ، ارباب اختیار کی اصلاح کیلئے کردار ادا کررہے ہیں ‘صوبائی وزیر تعلیم پنجاب

جمعرات 29 دسمبر 2016 17:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 دسمبر2016ء) صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمدخاں نے پاکستان فیڈرل یونین آف کالمسٹ کے نومنتخب صدر فرخ شہباز وڑائچ ، جنرل سیکرٹری محمد نورالہدیٰ ، سینئر نائب صدر فرید رزاقی ، مرکزی آرگنائزر عمر عبدالرحمن جنجوعہ ، انفارمیشن سیکرٹری حافظ محمد زاہد اور دیگر عہدیداروں کو مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ فرخ شہباز وڑائچ کا دوبارہ پی ایف یو سی کا صدر منتخب ہوناان پر اعتماداور ان کی صلاحیتوں کے اعتراف کا اظہار ہے ۔

(جاری ہے)

اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ کالم نگار معاشرے کے سفیر ہیں جو اپنے بے لاگ تبصروں اور تجزیوں کے ذریعے ہر طبقہ فکر کاشعور اجاگر کرنے ، رائے عامہ کی ہمواری اور ارباب اختیار کی اصلاح کا باعث بن رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا ہے کہ پی ایف یو سی عوام کے مسائل اجاگر کرنے ، ان کے حل ، ارباب اختیار و اقتدار کی کمی کوتاہیوں کی اصلاح و راہنمائی ، لوگوں میں احساس ذمہ داری پیدا کرنے ، پسماندہ طبقے کی فلاح و بہبود اور معاشرے میں بہتری کیلئے اپنا مثبت کردارادا کرتی رہے گی ۔