کراچی شپ یارڈ میں چوتھی فاسٹ اٹیک کرافٹ (میزائل)کے تعمیر ی کام کا آغازہوگیا

جمعرات 29 دسمبر 2016 17:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 دسمبر2016ء) پاک بحریہ کے لیے تعمیر کی جانے والی چوتھی فاسٹ اٹیک کرافٹ (میزائل) اور 32 ٹن کی 2 بلرڈ پل ٹگز (Bollard Pull Tugs) کے تعمیر ی کام کا آغاز ہوگیا ہے ۔ اس سلسلے میں اسٹیل کٹنگ کی تقریب جمعرات کو کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں منعقد ہوئی ۔ چیئرمینNESCOM ڈاکٹر نیبل حیات ملک تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

فاسٹ اٹیک کرافٹ(میزائل) جو عرف عام میں میزائل بوٹ کہلاتی ہے، ایک اسٹیٹ آف دی آرٹ کثیرالمقاصد جنگی جہاز ہے ۔ ا س میزائل بوٹ کا ڈیزائن میری ٹائم ٹیکنالوجی کمپلیکس (MTC) نے تیار کیا ہے جس میں جدید ہتھیاراور سینسرز نصب کیے جائیں گے۔ اس سلسلے کی پہلی میزائل بوٹ پی این ایس عظمت کو چائنا شپ بلڈنگ اینڈ آف شور انٹر نیشنل کارپوریشن لمیٹڈ (CSCO) نے ٹیکنالوجی کی منتقلی کے سمجھوتے کے تحت ڈیزائن اور تعمیر کیاتھا جسے بعد ازیں جون 2012ء میں پاکستان نیوی کے بحری بیڑے میں شامل کیا گیا۔

(جاری ہے)

دوسری میزائل بوٹ پی این ایس دہشت کراچی شپ یارڈ میں اندرون ملک وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے تیار کی گئی جسے جون 2014ء میں نیول فلیٹ کا حصہ بنایا گیا۔ تیسری میزائل بو ٹ کو رواں سال ستمبر میں سمندر میں اتارا گیا ہے جو کچھ ہی عرصے میں پاک بحریہ کا باقاعدہ حصہ بن جائے گی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے اس اہم سنگ میل کی تکمیل کو سراہتے ہوئے MTCاور کراچی شپ یارڈ کے ہر کارکن پر زور دیا کہ وہ جہاز سازی کی صنعت میں خود انحصاری کے حصول کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں اور صلاحیتں بروئے کار لائے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس تسلسل کے ساتھ اپنے اہداف حاصل کررہا ہے اور دیگر سرکاری صنعتی اداروں کے لیے قابل تقلید مثال بن چکا ہے۔ مہمان خصوصی نے مزید کہا کہ فاسٹ اٹیک میزائل کرافٹ کے ڈیزائن کی اندورن ملک تیاری شپ ڈیزائننگ میں خود انحصاری کی جانب پہلا قدم ہے۔ انہوں نے کراچی شپ یارڈ اور MTCکی صلاحیتوں پر اعتماد کے اظہار پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ کا شکریہ اد ا کیا جس کے بغیر میزائل کرافٹ کے ڈیزائن کی اندرون ملک تیاری کا خواب کبھی شرمندئہ تعبیر نہ ہوتا۔

قبل ازیں اپنے خطبہ استقبالیہ میں کراچی شپ یارڈ کے مینجنگ ڈائریکٹر رئیر ایڈمرل حسن ناصر شاہ نے کہا کہ فاسٹ اٹیک میزائل کرافٹ پہلی میزائل بوٹ ہے جو پاکستان میں ڈیزائن اور تعمیر کی جارہی ہے۔ اس منصوبے کے عملی شکل میں آنے سے کراچی شپ یارڈ اور MTC ُپر بھاری ذمہ داری آن پڑی ہے کہ وہ اس منصوبے کو بروقت اور کامیابی کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچائیں۔ جاری منصوبوں کی مختصر تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ ان تمام منصوبوں کی اعلی معیار کے ساتھ طے شدہ وقت پر تکمیل کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ تقریب میں معزز مہمانوں ، بشمول حکومت پاکستان کے اعلی حکام ، پاکستان نیوی ، نیسکوم اور کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس کے افسران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :