ڈاکٹر عافیہ کی امریکہ میں قید وبند بے حسی کا منہ بولتا ثبوت ، وطن واپسی کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کریں گے

ڈاکٹر عافیہ کے ساتھ ریاستی سطح پرنا انصافی کی ذمہ دار دو ممالک کی حکومتیںہیں،ڈاکٹر فوزیہ صدیقی مزار قائد پرڈاکٹر عافیہ کی قید کی5 ہزار دن مکمل ہونے پر5 ہزار شمعیں روشن کی گئیں، شہریوں کی بڑی تعداد میں شرکت

جمعرات 29 دسمبر 2016 17:05

سبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 دسمبر2016ء) پاسبان پاکستان کے صدر الطاف شکور اور ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ اور عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ کی امریکہ میں قید وبند موجودہ حکمرانوں کی بے حسی کا منہ بولتا ثبوت ہے ان کی وطن واپسی کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کریں گے۔گزشتہ روز ان خیالات کا اظہار انہوں نے قائداعظم کے مزار پر قومی خبر رساں ادارے آئی این پی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر پاسبان پاکستان کے جنرل سیکرٹری عثمان معظم ، اعظم مہناس، محمود خان تاجک ،سردار ذوالفقار ،ظفر اقبال، سائرہ ویلفیئر آرگنائزیشن کی صدر بشیر یٰ کے علاوہ دیگر افراد بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر عافیہ موومنٹ کے زیر اہتمام مزار قائد پر ان کے قید وبند کی5000 ہزار دن مکمل ہوجانے پر5000 ہزار شمعیں روشن کی گئی جس میں سینکڑوں کی تعداد میں شہریوں سوسائٹی کے افراد مختلف این جی اوز کے نمائندوں نے شرکت کرکے اپنا احتجاج بھی ریکارڈ کرایا۔

(جاری ہے)

الطاف شکور، وڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا کہ حقوق انسانی آرٹیکل 5 اقوم متحدہ کے ڈیکلریشن کے مطابق کسی کو تشدد، ظالمانہ، غیر انسانی سلوک یا توہین آمیز سلوک یا سزا کا نشانہ نہیں بنایا جائے گا۔

عافیہ کے معاملہ میں انسانی حقوق کے علمبرداروں کا دوہرا معیار کیوں ہے ،عافیہ پر کیوں اب تک تشدد،غیرانسانی اور توہین آمیز سلوک جاری ہے۔انسانی حقوق سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادیں کیا محض دکھاوا ہیں ان پر عملدرآمد کیوں نہیں کرایا جاتا ہے ڈاکٹر عافیہ قوم کی عزت و وقار کی علامت ہے۔ عافیہ کی طویل قید ناحق نے عالمی ضمیر کو جنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔

اگر بے گناہ کو انصاف نہ ملے تو عالمی دن منانے کا مقصد فوت ہوجاتا ہے۔ عافیہ کے ساتھ ریاستی سطح پرنا انصافی ہوئی ہے جس کی ذمہ دار ایک نہیں دو ممالک کی حکومتیںہیں۔عافیہ کو اپنے اہلخانہ سے فون پر رابطہ کی سہولت سے بھی محروم کردینا تشویش میں مبتلا کرتا ہے کہ اس کے ساتھ امریکی جیل میںاچھا سلوک نہیں کیا جارہا ہے۔وزیراعظم نواز شریف اپنے وعدے کے مطابق عافیہ کو وطن واپس لانے کے اقدامات کریں۔

انہوں نے امریکی صدر باراک اوبامہ سے اپیل کی کہ تبادلہ پٹیشن پر انسانی ہمددری کی بنیادوں پرعافیہ کی رہائی کا فیصلہ کریں۔عافیہ کی رہائی انصاف اور انسانی حقوق کی پاسداری کو تقویت پہنچائے گی۔ عافیہ کے قید ناحق میں 5000 سے زائد دن گذر جانا مذاق نہیں ہے۔ایک ماں کیلئے اپنے بچوں سے 5 منٹ دور رہنا بھی ممکن نہیں ہے۔ عافیہ کے ساتھ توامریکہ میں رائج انسانی اورحقوق نسواں قوانین کے مطابق بھی سلوک نہیں کیا جارہا ہے جس پر پاکستانی حکومت کی خاموشی شرمناک ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عافیہ کے ساتھ ہونے والی ناانصافی اور غیرانسانی سلوک کی امریکی و پاکستانی دونوں حکومتیں ذمہ دار ہیںانہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی وطن واپسی اور ان کی امریکی جیل میں قید سے رہائی کیلئے ہر ممکن جدوجہد کی جائے گی۔