چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ کے جدید پینوراما سنٹر کا افتتاح

سنٹر کی بدولت کینٹ کی تجارتی سرگرمیاں فروغ پائیں گی،میجر جنرل نجم الحسن

جمعرات 29 دسمبر 2016 16:58

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 دسمبر2016ء)ڈائریکٹر جنرل ملٹری لینڈز اینڈ کنٹونمنٹس میجر جنرل نجم الحسن نے چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ کے جدید پینوراما سنٹر کا افتتاح کر دیا ۔افتتاحی تقریب کے موقع پر سٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر سید حسن رضا ،ڈائریکٹر ہیڈ کوارٹر خورشید علی ،حسن علی خان لغاری ،کنٹونمنٹ ایگزیکٹو آفیسر چکلالہ رانا محمد رفیق ،وائس پریذیڈنٹ چکلالہ کینٹ راجہ عرفان امتیاز و دیگر ممبران کینٹ بورڈ موجود تھے ۔

ڈائریکٹر جنرل ملٹری لینڈز اینڈ کنٹونمنٹس میجر جنرل نجم الحسن نے کینٹ کے وسط میں اہم ترین مقام پر جدید پینوراما سنٹر کی کامیاب تکمیل پر کنٹونمنٹ ایگزیکٹو آفیسر چکلالہ رانا محمد رفیق کی کاوشوں کو سراہا اور کہاکہ پینوراما سنٹر کی بدولت کینٹ کی تجارتی سرگرمیاں فروغ پائیں گی ۔

(جاری ہے)

کنٹونمنٹ ایگزیکٹو آفیسر چکلالہ رانا محمد رفیق نے بتایاکہ پینوراما سنٹر چکلالہ کینٹ کا بڑا منصوبہ ہے جس کا ٹوٹل کورڈ ایریا 29729مربع فٹ ہے ،اس کے تین فلور ہیں ،ہر فلور پر 15دکانیں اور ایک ہال ہے ۔

منصوبے کی مجموعی لاگت 72.730ملین ہے اور یہ اپنی مقررہ مدت تکمیل سے پہلے مکمل کیاگیا ہے ۔رانا رفیق نے بتایاکہ دکانوں اور ہالز کے پریمیئر کے آکشن سے کینٹ بورڈ کو کروڑوں روپے کی آمدن ہو گی۔پینوراما سنٹر کی دکانوں اور ہالز کے پریمئیر کا آکشن جنوری کی 10،11اور 12تاریخ کو ہوگا ۔منصوبہ اکتوبر 2015میں شروع کیا گیا تھا جو کہ اپریل 2017میں مکمل ہونا تھا تاھم یہ منصوبہ مقررہ وقت سے پہلے مکمل کیا گیا ۔