Live Updates

تحریک انصاف نے پانامالیکس پردوبارہ عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا،پہلے مرحلے میں جنوبی پنجاب کے تین شہروں بہاولپور،ڈی جی خان ،راجن پور اور خیبرپختونخواہ کے شہر ہنگومیں بڑے جلسے منعقد کیے جائیں گے،جلسوں کے شیڈول کو حتمی شکل دیدی گئی ، پانامالیکس پر دوبارہ عوام میں جانے کا فیصلہ کرلیا ، یہ وقت گھروں میں محدود ہونے کا نہیں بلکہ باہرنکل کر اپنا حق مانگنے کا وقت ہے،شاہ محمودقریشی،جلسوں کا مقصد عوامی رابطہ مہم تیز کرنا ہے،جہانگیرترین،پی ٹی آئی رہنمائوں کے سوشل میڈیا پرپیغامات

جمعرات 29 دسمبر 2016 16:55

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 دسمبر2016ء) پاکستان تحریک انصاف نے پانامالیکس پردوبارہ عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔پہلے مرحلے میں جنوبی پنجاب کے تین شہروں اور خیبرپختونخواہ کے ایک شہرمیں بڑے جلسے منعقد کیے جائیں گے۔تحریک انصاف کے مرکزی جنرل سیکرٹری جہانگیرترین نے جلسوں کے شیڈول کو حتمی شکل دے دی ہے،جس کے مطابق 7جنوری کوجنوبی پنجاب کے شہر راجن پوراور خیبرپختونخواہ کے علاقے ہنگومیں بیک وقت بڑے جلسے منعقد کیے جائیں گے۔

چئیرمین تحریک انصاف عمران خان ہنگو اور وائس چئیرمین شاہ محمودقریشی راجن پور میں عوامی جلسوں سے خطاب کریں گے۔8جنوری کو بہاولپورمیں بڑے جلسہ عام کا انعقاد کیا جائے گا،جس میں عمران خان وتحریک انصاف کی تمام قیادت شریک ہوگی۔

(جاری ہے)

15جنوری کو ڈی جی خان میں عمران خان بڑے جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔تحریک انصاف نے ریجنل صدوراور مقامی رہنما?ں کو جلسوں کی بھرپورتیاریوں کی ہدایات دے دی ہیں۔

دریں اثنائ تحریک انصاف کے وائس چئیرمین شاہ محمودقریشی نے کہا ہے کہ پاناما لیکس پر عوام کے ساتھ ملکرحکمران ٹولے کا احتساب کریں گے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر کارکنوں کے نام اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ یہ وقت گھروں میں محدود ہونے کا نہیں بلکہ باہرنکل کر اپنا حق مانگنے کا وقت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے دوبارہ عوام میں جانے کا فیصلہ کرلیا ہے،جلد پنجاب میں دو اور خیبرپختونخواہ میں ایک جلسہ کریں گے،کارکنان تیاریاں شروع کردیں۔

دوسری طرف تحریک انصاف کے مرکزی جنرل سیکرٹری جہانگیرترین نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے مک مکا نے ملک کو نقصان پہنچایاہے۔تحریک انصاف کرپشن کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے،لڑتی رہے گی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام اورلودھراں میں اپنے حلقہ انتخاب میں کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جہانگیرترین نے کہا کہ پانامالیکس پر دوبارہ عوامی رابطہ مہم شروع کررہے ہیں۔جلسوں کا مقصد عوامی رابطہ مہم تیز کرنا ہے، جلسوں سے خطاب میں عمران خان پاناما سکینڈل کو بے نقاب کریں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات