ٹمبر مارکیٹ کے تاجرکے الیکٹرک کی غفلت، فائر بریگیڈ کے ناقص نظام کے خلاف کل احتجاجی ریلی نکالیں گے

بے سر و سامانی کا شکار فائر بریگیڈ کے محکمے کے ہاتھوں شہریوں اور تاجروں کو ناقابلِ تلافی نقصان اٹھانا پڑرہا ہے،عتیق میر

جمعرات 29 دسمبر 2016 15:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 دسمبر2016ء) ٹمبر مارکیٹ کے تاجرکے الیکٹرک کی غفلت، فائر بریگیڈ کے ناقص نظام اور حکومتِ سندھ کی بے حسی کے خلاف جمعہ 30دسمبر2016 دوپہر 3بجے احتجاجی ریلی نکالیں گے، ٹمبر مارکیٹ سے وزیرِاعلیٰ ہائوس تک نکالی جانیوالی ریلی کی قیادت تاجر رہنما عتیق میر کرینگے، واضح ہو کہ پیر26دسمبر2016صبح ساڑھے چار بجے گرین ٹمبر مارکیٹ، پرانا حاجی کیمپ، سید محمود شاہ روڈ پر واقع لکڑی کی چار دکانیں آتشزدگی کا شکار ہوگئی تھیں ، تاجروں کے مطابق گذشتہ کئی ماہ سے Kالیکٹرک نے بجلی کے میٹروں کی فیس وصول کرنے کے باوجود دکانوں کو عارضی کنکشن دے رکھے تھے جس کے باعث شارٹ سرکٹ سے لگنے والی آگ نے دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، صبح 4-30 لگنے والی خوفناک آگ کی اطلاع پر فائر بریگیڈ کا عملہ ایک فرلانگ کے فاصلے پر موجودگی کے باوجود دو گھنٹے تاخیر سے پہنچا، مطلوبہ تعداد اور استعداد سے محروم گاڑیاں اور عملہ آگ پر قابو پانے میں ناکام رہا جس کے نتیجے میں تاجروں کو تقریباً 4کروڑ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا جبکہ چار روز گذرجانے کے باوجود کسی بھی حکومتی اہلکار نے جائے واقعہ پر پہنچنے اور تاجروں کی حوصلہ افزائی کرنے کی زحمت گوارہ نہیں کی، آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے گذشتہ روز جائے واقعہ پر پہنچ کر تباہ حال دکانوں کا معائنہ کیا انھوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بے سر و سامانی کا شکار فائر بریگیڈ کے محکمے کے ہاتھوں شہریوں اور تاجروں کو ناقابلِ تلافی نقصان اٹھانا پڑرہا ہے، کراچی کے شہر یوں اور تاجروں کیلئے آتشزدگی کی صورتمیں انتہائی خطرناک حالات پیدا ہوگئے ہیں، انھوں نے کہا کہ kالیکٹرک کی غفلتوں اور فائر بریگیڈ کے ناقص ترین نظام کے باعث گذشتہ عرصے کے دوران شہر میں پیش آنے والے آتشزدگی کے اکثر واقعات میں عملہ آگ پر قابو پانے میں ناکام رہا ،آگ سب کچھ جلاکر خود بجھ جاتی ہے، انھوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آتشزدگی کے مسلسل واقعات میں شہریوں اور تاجروں کی قیمتی جانیں تلف اور مال و اسباب جل کر تباہ ہوچکا ہے اسکے باوجود فائربریگیڈ کی حالت زار کو بہتر کرنے کی کوئی بھی حکومتی کوشش نظر نہیں آتی، آتشزدگی کے واقعات میںشہر جل رہا ہے اور حکومت بانسری بجا رہی ہے، انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ تباہی کا شکار ٹمبر مارکیٹ کے تاجروں کے نقصان کا ازالہ کیا جائے، فائر بریگیڈ کے محکمے کو شہر کی آبادی اور ضرورت کے مطابق وسائل فراہم کیئے جائیں اور فائر اسٹیشنوں کو جدید تقاضوں کے مطابق استوار کیا جائے تاکہ شہریوں اور تاجروں کی املاک و اثاثہ کو آتشزدگی کی صورتمیں تباہی سے بچایا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :