جامعات و کالجوں میں نشے کے مکمل خاتمے کی مہم چلائی جائے گی،رضا گیلانی

جمعرات 29 دسمبر 2016 15:13

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 دسمبر2016ء)صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی نے کہاہے کہ جامعات وکالجوں میں نشے کے مکمل انسداد کی مہم چلائی جائے گی تاکہ ہمارے بچے اس لعنت سے محفوظ رہیں،ہمارا عزم ہے کہ تعلیمی اداروں کو ہر قسم کے نشے سے پاک رکھ کر طالبعلموں کو صحت مند ماحول مہیا کیا جائے۔

(جاری ہے)

یہ بات انہوںنے ایوان اقبال میں نشہ کے خلاف آگاہی کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب میں کہی،انہوںنے کہاکہ انسداد منشیات کے حوالے سے حکومتی ادارے اور عوام ایک پیج پر ہیں، ہمیں اپنے تعلیمی اداروں میں سگریٹ نوشی سمیت تمام نشوں کے خاتمے کو یقینی بنانا ہوگا،اس ضمن میں والدین کو بھی چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کی سرگرمیوں او ران کے حلقہ احباب پر کڑی نظر رکھیں، بچوں میں سگریٹ نوشی سمیت تمام نشوں سے نفرت کا احساس اجاگر کیاجائے،دین اسلام نے نشہ کی ممانعت کر کے صحت مند معاشرہ کی بنیاد رکھ دی ہے لیکن اس حوالے سے میڈیا ، علمائے کرام اور اساتذہ کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،صوبائی وزیر نے کہاکہ نشہ او رکرپشن سماجی برائیاں ہیں، اس حوالے سے حکومت پنجاب کی کوشش ہے کہ مثبت اقدامات کے ذریعے اعلی ترین سماجی اقدار کو اجاگر کیا جائے،انہوںنے کہاکہ پاکستانی دنیا کی بہترین قوم ہیں اور ہمارے طالبعلم انتہائی ذہین ہیں جو تعلیم کے ذریعے نئی دنیا تسخیر کر رہے ہیںلیکن المیہ یہ ہے کہ ہمارے بچے بیرون ملک تعلیم حاصل کر کے وہیں بس جاتے ہیںاور اس برین ڈرین سے ہمارا ملک اپنے بہترین انسانی وسائل سے محروم ہو رہاہے،انہوں نے بتایا کہ جامعات کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالنے کے لئے وائس چانسلز کو روڈ میپ دے دیا گیاہے تاکہ ہماری جامعات دنیا کی بہترین درسگاہیں بن سکیں،تقریب سے کنسلٹنٹ اینٹی نارکوٹکس سید ذوالفقار ، ایوان اقبال کے ڈائریکٹر انجم وحید، اینٹی نار کوٹکس فورس کی نمائندہ فاطمہ بھٹی او ردیگر نے بھی خطاب کیا،آخر میں صوبائی وزیر نے سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔