حکومت پانی کی قلت کو پورا کرنے کیلئے ذخائرکی تعمیر ،ضیاع روکنے کیلئے نئی حکمت عملی ترتیب دے رہی ہے، خواجہ محمد آصف

جمعرات 29 دسمبر 2016 13:48

حکومت پانی کی قلت کو پورا کرنے کیلئے ذخائرکی تعمیر ،ضیاع روکنے کیلئے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 دسمبر2016ء) وزیر دفاع و پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ حکومت پانی کی قلت کو پورا کرنے کیلئے ذخائرکی تعمیر اور پانی کے ضیاع کو روکنے کیلئے نئی حکمت عملی ترتیب دے رہی ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع وپانی بجلی خواجہ محمد آصف نے کہا کہ ملک بھر میں بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے جس کے باعث ارسا نے ڈیموں سے پانی کا اخراج بند کر دیا ہے تاکہ پانی کو فصلوں کی پیداوار کیلئے استعمال کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت تربیلا اور منگلا ڈیموں میں پانی کا ذخیرہ کم ہونے کی وجہ سے ملک بھر میں لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں کچھ اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے اس کے باوجود صورتحال حکومت کے کنٹرول میں ہے کیونکہ اس موسم میں پانی سے صرف ایک ہزار سے 1200 میگا واٹ بجلی ہی پیداکی جاتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پانی سے بجلی کا حصول جون جولائی میں زیادہ ہوتا ہے جب 7 ہزار میگا واٹ بجلی پانی سے پیدا کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیموں میں پانی صرف بارشوں اور گلیشیر کے پگھلنے سے ہی آتا ہے اور یہ صورتحال اس وقت کافی سنگین ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پانی کی قلت کو مد نظر رکھتے ہوئے آبی ذخائر کی تعمیر پر کام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور آئندہ 3 سے 4 سال میں ان کی تعمیر مکمل کرلی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں سیاسی کشیدگیوں کی وجہ سے ڈیموں کی تعمیر پر کام کا آغاز نہیں کیا جاسکا تاہم موجودہ حکومت نے ان مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے دور دراز کے علاقوں میں یہ ذخائر تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دیہاتوں سمیت شہروں میں بھی پانی کے استعمال کیلئے کوئی نظام وضع نہیں ہے جس کے باعث پانی کا بے دریغ استعمال کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پانی کی قلت پر قابو پانے کیلئے ملک کے مختلف علاقوں میں نئے ذخائر کی تعمیر اور پانی کے ضیاع کو روکنے کیلئے نئی حکمت عملی تشکیل دے رہی ہے جس سے مستقبل میں صورتحال بہتر ہو جائیگی۔

متعلقہ عنوان :