کاشتکار آلو کی خزاں فصل کی برداشت شروع کردیں،ترجمان محکمہ زراعت

جمعرات 29 دسمبر 2016 13:23

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 دسمبر2016ء)آلو ایک اہم فصل ہے اور یہ مکمل غذا کے طورپر بھی استعمال کیاجاتا ہے آلو میں نشاستہ، وٹامن، معدنی نمکیات اور لحمیات کافی مقدار میں پائے جاتے ہیں۔کاشتکار آلو کی خزاں فصل کی برداشت شروع کردیںاور فصل کی برداشت سے ہفتہ دس دن پہلے آلو کی بیلیں کاٹ دیں تاکہ وائرس پھیلانے والے کیڑوں سے بچ سکیں اور چھلکا سخت ہو جائے، یہاں ایک ملاقات کے دوران محکمہ زراعت کے ترجمان نے بتایا کہ آلو کی بیلیں کاٹنے سے آلو کی جلد سخت ہو جاتی ہے اور کولڈ سٹور میں ذخیرہ کے دوران نہیں گلتا۔

آلو کی برداشت سے 15 دن پہلے آبپاشی بند کر دیں۔ فصل کی برداشت صبح کے وقت کریں جب درجہ حرارت کم ہو کیونکہ زیادہ درجہ حرارت میں آلوئوں کے گلنے سڑنے کاامکان زیادہ ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

موسم خزاں کی فصل کی برداشت کے بعد زمیندار عموماً آلوئوں کو ڈھیر کی صورت جمع کر لیتے ہیں لیکن ڈھیر میں ہوا کا گزر نہ ہونے کی وجہ سے آلو نہ صرف گل سٹرجاتے ہیں بلکہ درجہ حرارت زیادہ ہونے کی بناء پر خشک ہو کر بدشکل بھی ہو جاتے ہیں۔

اس طرح مارکیٹ میں آلو کی قیمت کم وصول ہوتی ہے۔ آلوئوں کو بہتر طور پر محفوظ ر کھنے کے لئے محکمہ زراعت کا فراہم کردہ ڈکٹ ڈھیر میں لگائیں۔ ڈکٹ کو صبح کے وقت بند کر دیں تاکہ ڈھیر کے اندر گرم ہوا کا گزر نہ ہو سکے اور رات کے وقت کھول دیں تاکہ ٹھنڈی ہوا آسانی سے گزر سکے۔ ڈھیر کی گرمی خارج کرنے کیلئے چمنی کا استعمال کریں۔ کاشتکار ان سفارشات پر عمل کر کے آلوئوںکو زیادہ دیر تک رکھ سکتے ہیںجس سے آلوئوں کی خاصیت بھی برقرار ر کھی جا سکتی ہے۔