اسلام آباد، ہوٹل میں آتشزدگی، خاتون جاں بحق،10افراد متاثر

جمعرات 29 دسمبر 2016 11:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 دسمبر2016ء) اسلام آباد کے نجی ہوٹل میں آتشزدگی کے باعث دم گھٹنے سے خاتون جاں بحق ہوگئی۔ آگ لگنے سے 10 افراد متاثر ہوئے جنہیں پمز اسپتال منتقل کردیا گیا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق راول ڈیم چوک کے قریب نجی ہوٹل میں شارٹ سرکٹ کے باعث ایک کمرے میں آگ لگی، کمرے میں موجود افراد نے بھاگ کر اپنی جان بچائی، آگ لگنے کے بعد دھواں بھرگیا اور برابر والے کمرے میں ٹھہری ہوئی 60 سالہ خاتون الماس فاطمہ دم گھٹنے سے جاں بحق ہوگئی۔

پولیس کے مطابق الماس فاطمہ کا تعلق کراچی سے ہے اور وہ ہوٹل میں اکیلی ٹھہری ہوئی تھی، ریسکیو اہلکاروں نے خاتون کی لاش پمز اسپتال منتقل کردی ہے، دھوئیں کے باعث دم گھٹنے سے 10 افراد متاثر ہوئے جنہیں پمز اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد انہیں روانہ کردیا گیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ لگنے سے ہوٹل کے 5 کمرے متاثر ہوئے اور فائر بریگیڈ کی 2 گاڑیوں نے موقع پر پہنچ کرآگ پرقابو پایا۔

متعلقہ عنوان :