موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے متاثر ہونے والوں میں پاکستان 8 ویں موسم خراب کرنے والوں میں 136 ویں نمبر پر ہے، بارشیں نہ ہونے سے پانی کے ذخائر کی صورتحال سنگین ہے ‘ پانی کی کمی سے بجلی فراہمی کی صورتحال زیادہ سنگین نہیں ہو گی

وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف کی نجی ٹی وی سے گفتگو

جمعرات 29 دسمبر 2016 11:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 دسمبر2016ء) وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے متاثر ہونے والوں میں پاکستان 8 ویں نمبر پر ہے، موسم خراب کرنے والوں میں 136 ویں نمبر پر ہے، بارشیں نہ ہونے سے پانی کے ذخائر کی صورتحال سنگین ہے ‘ پانی کی کمی سے بجلی فراہمی کی صورتحال زیادہ سنگین نہیں ہو گی۔

جمعرات کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے کہا کہ بارشیں نہ ہونے سے پانی کے ذخائر کی صورتحال سنگین ہے۔

(جاری ہے)

اس وقت ذخائر کا پانی استعمال کیا جا رہا ہے۔ دسمبر اور جنوری میں پانی سے ہزار سے 12 سو میگا واٹ بجلی پیدا کی جاتی ہے۔ ڈیموں میں پانی کی کمی سے بجلی فراہمی کی صورتحال زیادہ سنگین نہیں ہو گی۔انہوں نے کہا کہ جنوری میں بارشیں نہ ہوئیں تو فصلوں کیلئے پانی کی سپلائی متاثر ہو سکتی ہے۔

بارش نہ بھی ہو تو طویل مدت کی تیاری ہے۔ حالات کنٹرول میں رہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ موسمیاتی تبدیلیوں سے منفی اثرات میں پاکستان 8 ویں نمبر پر ہے جبکہ موسم خراب کرنے والوں میں 136 ویں نمبر پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زراعت میں جدید طریقے استعمال کر کے پانی بچایا جا سکتا ہے۔