ویسٹ ایشیاء بیس بال کپ کا تربیتی کیمپ یکم جنوری سے شروع ہوگا

بدھ 28 دسمبر 2016 23:24

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 دسمبر2016ء)پاکستان بیس بال فیڈریشن کے زیراہتمام اورپاکستان سپورٹس بورڈ کے تعاون سے قومی ٹیم کا 13 ویں ویسٹ ایشیاء بیس بال کپ کی تیاری کے سلسلہ میں تربیتی کیمپ یکم جنوری سے پاکستان سپورٹس کمپلیکس، اسلام آباد میں شروع ہوگا،پاکستان بیس بال فیڈریشن کے صدر سید خاور شاہ نے بتایا کہ تربیتی کیمپ میں ملک بھر سے 30 کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا ہے جو کہ 31 دسمبر کو کیمپ میں رپورٹ کریں گے، انہوں نے کہا کہ چار کوچز قومی ٹیم کے کھلاڑیوںکو تربیت دیں گے جن میں فیلڈنگ کوچز مصدق حنیف اور سرفراز احمد، بیٹنگ کوچ باسط مرتضیٰ جبکہ طاہر محمود پاپا ا ن کوچز کی معاونت کریں گے،سید خاور شا ہ نے بتایا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ نے 13 ویں ویسٹ ایشیاء بیس کپ کو منعقد کروانے کی منظور دے دی ہے اور سید خاور شاہ نے پاکستان سپورٹس بورڈ کی طرف سے تعاون کرنے پر وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ میاں ریاض حسین پیرزادہ اور پی ایس بی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر اخترنواز گنجیرا کا شکریہ ادا کیا ہے، انہوں نے کہا کہ 13 ویں ویسٹ ایشیاء بیس کپ 25 فروری سے یکم مارچ تک پاکستان سپورٹس کمپلیکس، اسلام آباد کے بیس بال گرائونڈ میں کھیلا جائے گا، جس میں پانچ ممالک کی ٹیمیں شرکت کریں گی جن میں میزبان پاکستان کے علاوہ ایران ، سری لنکا، نیپال اور عراق شامل ہیں، انہوں نے کہا کہ روایتی حریف بھارت کی فیڈریشن نے شرکت کے لئے بھارتی حکومت کو تحریری طور پر لکھا ہوا ہے اور ابھی تک بھارتی فیڈریشن کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا ہے، امید ہے کہ بھارتی حکومت بھی اپنی ٹیم کو ایونٹ میں شرکت کی اجازت دے دے گی، انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والی ٹیمیں 22 فروری سے اسلام آباد پہنچنا شروع ہونگی اور اسلام آباد کا موسمی آب و ہوا کا جائز ہ لے کر پریکٹس میچ بھی کھیلیں گی، انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ کی تیاریاں شروع کر دی گئیں ہیں اور یہ ٹورنامنٹ پاکستان بیس بال فیڈریشن کے زیراہتمام اورپاکستان سپورٹس بورڈ کے تعاون سے کھیلا جائے گا۔