سی پیک منصوبے میں جنوبی اضلاع کو شامل کیا جائے،مشتاق احمد خان

بدھ 28 دسمبر 2016 23:08

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 دسمبر2016ء) امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ پاک چائینہ اقتصادی راہداری منصوبہ ترقی کی شاہراہ ہے۔ سی پیک منصوبے میں جنوبی اضلاع کو شامل کیا جائے۔قومی ترقی کا منصوبہ کسی صورت متنازعہ نہیں ہوناچاہیے ۔ وفاق کی طرف سے نہ صوبے کو بجلی کی خالص منافع مل رہا ہے اور نہ گیس اور پٹرولیم کی رائیلٹی، وفاق صوبے کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلو ک بند کریںاور صوبے کو دستوری حقوق دیے جائیں ۔

خیبرپختونخوا کو دیوار سے لگانے کی بجائے سینے سے لگانے کی ضرورت ہے ۔وسائل سے مالا مال صوبے میں حکمرانوں کی نااہلی اور بے توجہی سے غربت ناچ رہی ہے۔ حکمرانوں نے آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک سے اتنے قرضے لئے ہیں کہ اب ملک کی جی ڈی پی کا بڑا حصہ ان قرضوں کے سود میں چلا جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

مزدور کو کارخانہ دار اور کسان کو جاگیر دار نوچ رہا ہے ،ان جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کااقتدار میں آنے کا ایک ہی مقصد رہ گیا ہے کہ قومی دولت پر ہاتھ کیسے صاف کرنا ہے اور کرپشن کی کمائی کو تحفظ کیسے دینا ہے ۔

باریوں کی سیاست میں چور چور کو تحفظ فراہم کررہا ہے ۔جماعت اسلامی مالی اور اخلاقی کرپشن پر کوئی سمجھوتہ نہیںکرے گی اور جماعت اسلامی کا کوئی لیڈر کرپشن میں ملوث نہیں ہے ۔ وہ ضلع کرک تخت نصرتی میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام پروفیسرز، ڈاکٹرز ،انجینئرز اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے موثرافراد کے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے ۔

تقریب سے امیر جماعت اسلامی ضلع کرک مولانا تسلیم اقبال ، جنر ل سیکرٹری ظہور خٹک اور نائب امیر جماعت اسلامی پشاور مولانا مسیح گل بخاری نے بھی خطا ب کیا ۔ مشتاق احمد خان نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سی پیک پر حکومتی سرگرمیوںنے شکوک و شبہات پیدا کئے، حکومت کے زبانی دعوئوں اور عملی اقدامات میں کوئی مطابقت نہیں، حکمران کہتے کچھ ہیں اور کرتے کچھ ،جس سے خیبر پختونخواہ پریشانی اور تشویش کی لہرموجود ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو دواور دوچار کی طرح واضح موقف اختیار کرنا چاہئے تاکہ چھوٹے صوبوں کے شبہات اور تحفظات ختم ہوسکیں ۔انہوںنے کہا کہ موجودہ اور سابقہ حکمرانوں میں سے اگر کوئی سمجھتا ہے کہ وہ احتساب سے بچ جائے گا تو اسے خود فریبی سے نکل آنا چاہئے ،عوام کرپٹ اور بدیانت حکمرانوں کا احتساب چاہتے ہیں۔موجودہ حکمرانوں نے عام آدمی کی خوشیاں چھین لی ہیں۔ جماعت اسلامی اقتدار میںبے لاگ احتساب کرے گی اور ملک کی لوٹی ہوئی ایک ایک پائی وصول کرے گی۔

متعلقہ عنوان :