ْلاہور ہائیکورٹ نے براڈ کاسٹ اداروں کو ڈی ٹی ایچ ٹیکنالوجی کے لائسنس کا اہل قرار دے دیا

بدھ 28 دسمبر 2016 22:59

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 دسمبر2016ء) لاہور ہائیکورٹ کے فل بنچ نے براڈ کاسٹ اداروں کو ڈی ٹی ایچ ٹیکنالوجی کے لائسنس کا اہل قرار دے دیا۔فاضل عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا ہے کہ براڈ کاسٹ ادارے ڈسٹری بیوشن کا کردار ادا کر سکتے ہیں۔فاضل عدالت نے پیمرا کو لائسنسوں کے اجراء کے لئے از سر نو بڈنگ کرنے کے احکامات صادر کئے ہیں۔

لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے فیصلہ سنایا۔فاضل عدالت نے فیصلے میں قرار دیا ہے کہ براڈ کاسٹ ادارے ڈسٹری بیوشن کا کردار ادا کر سکتے ہیں۔عدالت نے براڈ کاسٹ اداروں کو لائسنس جاری نہ کرنے کے حوالے سے پیمراء کے سیکشن 13 کی ذیلی شق 3 کو کالعدم قرار دے دیا۔ درخواست گزاروں کی وکیل عاصمہ جہانگیر نے موقف اختیار کیا تھا کہ پیمراء قوانین کے تحت ایک براڈ کاسٹ ادارہ چار میڈیا چینلز کے لائسنس رکھ سکتا ہے۔

(جاری ہے)

قانون میں ڈی ٹی ایچ ٹیکنالوجی کے لائسنس حاصل کرنے پر کوئی پابندی نہیں ہے مگر اس کے باوجود براڈ کاسٹ اداروں کو پیمراء کی جانب سے یہ لائسنس جاری نہیں کئے جا رہے۔سرکاری وکیل نے فاضل عدالت کو بتایا تھا کہ پیمرا ریگولیشن کی شق بتیس کے تحت ڈی ٹی ایچ ٹیکنالوجی کے لائسنس کیبل آپریٹرز ہی حاصل کر سکتے ہیں ۔اگر براڈ کاسٹ اداروں کو لائسنس جاری کر دئیے جائیں تو ان کی اجارہ داری قائم ہو جائے گی جو کہ مسابقتی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔فاضل عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ سنا دیا۔

متعلقہ عنوان :