جید علمائے کرام نے امت رسولﷺ مارچ کی حمایت کا اعلان کردیا ،ْ عوام سے شرکت کی اپیل

شام ،برما کے مسلمانوں پر مظالم کیخلاف امت رسولؐ مارچ کے سلسلے میں حافظ نعیم الرحمن کی مولانا عبد الرزاق سکندر، مفتی منیب الرحمن اور مفتی محمد نعیم سے ملاقات مارچ وقت کی ضرورت ہے ،ْ شام کے مسئلے پر پاکستان اور ترکی اپنا کردار ادا کریں ، علمائے کرام

بدھ 28 دسمبر 2016 22:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 دسمبر2016ء) جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے اتوار یکم جنوی کو شاہراہ قائدین پرشام اور برما میں مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم اور مظلوم مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ہونے والے امت رسولؐ مارچ کے سلسلے میں جامعہ دارالعلوم الاسلامیہ بنوری ٹاؤن کے مہتمم ڈاکٹرمولانا عبد الرزاق اسکندر ، دارالعلوم نعیمیہ کے مہتمم و رویت ہلال کمیٹی کے چیئر مین مفتی منیب الرحمن اور جامعہ بنوریہ العالمیہ سائٹ کے مہتمم مفتی محمد نعیم سے ان کے مدارس میں ملاقات کی اور انہیں مارچ میں شرکت کی دعوت دی ۔

علمائے کرام نے امت رسول ؐ مارچ کو وقت کی اولین ضرورت قراردیتے ہوئے اس کی بھرپور حمایت کی ۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر برجیس احمد، جمعیت اتحادالعلماء کے مولانا عبد الوحید ، ضلعی امراء یونس بارائی ، عبد الرزاق ، سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ،ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز عنایت اللہ اسماعیل اور دیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ملاقات کے موقع پر حافظ نعیم الرحمن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج شام اور برما کے مسلمانوں کے خلاف جس درندگی کا مظاہرہ کیا جارہا ہے اس کی مثال نہیں ملتی ، مسلمانوں کا خون بہایا جارہا ہے اور اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ، مسلم حکمران بھی چپ سادھے بیٹھے ہیں ،ایسے میں ہم نے شام اور برما کے نہتے مظلوم مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے امت رسولؐ مارچ کا اعلان کیا ہے یہ مارچ وحدت امت اور اتحاد بین المسلمین کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا ، علمائے کرام جمعہ کے خطبے میں شام اور برما کی صورتحال اجاگر کریں ۔

ڈاکٹر عبد الرزاق اسکندر نے کہا کہ مسلمان ایک جسد ِ واحد کی حیثیت رکھتے ہیں اگر جسم کے کسی حصے میں درد ہو گا تو پورا جسم مفلوج ہو جاتا ہے ۔حضورؐ کی حدیث کے مصداق آج شام و برما کے مسلمانوں پر ظلم و ستم پر سب مسلمانوں کو اس کا درد محسوس کر نا چاہیئے ۔مفتی منیب الرحمن نے کہا کہ مغربی ممالک دوہرے معیار کا ثبوت دے رہے ہیں ، وزیر اعظم پاکستان اور ترکی کے صدر کو اس مسئلے پر اپنا کردار اداکرنا چاہیئے ۔

او آئی سی اپنی خاموشی توڑے اور اپنا کردار ادا کرے ۔ مفتی نعیم نے کہا کہ ہم شام کے دس ہزار بچوں کی تعلیم و تربیت اور کفالت کی ذمہ داری لینے کا اعلان کرتے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ امت رسولؐ مارچ وقت کی ضرورت ہے اس مارچ میں جامعہ بنوریہ کے طلباء اساتذہ اور علمائے کرام بھی شریک ہوں گے ۔ میںعلماء اور عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس مارچ میں بڑے پیمانے پر شریک ہوں اور شام اور برما کے مظلوم مسلمانوں سے اپنی یکجہتی کا اظہار کریں ۔

متعلقہ عنوان :