حکومت عافیہ کی وطن واپسی کاموقع پھرکھورہی ہے،ڈاکٹرفوزیہ صدیقی

امریکہ پاکستانی عوام کو عافیہ کی صورت میں نئے سال کاتحفہ دے،عوام ایڈ نہیں عزت وغیرت چاہتےہیں،ڈاکٹرفوزیہ صدیقی کی پریس کانفرنس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 28 دسمبر 2016 20:35

حکومت عافیہ کی وطن واپسی کاموقع پھرکھورہی ہے،ڈاکٹرفوزیہ صدیقی

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔28دسمبر2016ء): ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی رہائی اور وطن واپسی کا سنہری موقع ایک مرتبہ پھر کھورہی ہے امریکی صدر باراک اوبامہ صدارتی معافی اور عافیہ کو رہا کر سکتے ہیں۔حکومت کیوں عافیہ کی وطن واپسی یا معافی کے لیے ایک سادہ ساخط نہیں لکھ رہی ہے؟یہ بات عافیہ موومنٹ کی رہنماڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے اسلام آباد پریس کلب میں ہنگامی طور پربلائی گئی پریس کانفرنس میں کہی۔

انہوں نے سوال کیا کہ کیوں صدر مملکت، وزیر اعظم، ان کی کابینہ، ان دفتر یا ریاستی حکام نے 14 سال کے طویل عرصہ میں ایک مرتبہ بھی امریکی حکومت یا انتظامیہ سے اس سلسلے میں ایک مرتبہ بھی رابطہ نہیں کیا۔

(جاری ہے)

میں حکومت، قوم کے محافظوں یا سرکاری حکام سے نہیں ریاست پاکستان سے سوال کررہی ہوں کہ عافیہ کی طرح ایک عام پاکستانی اور چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ سجاد علی شاہ ،گورنر پنجاب سلمان تاثیر اوروزیراعظم یوسف رضا جیلانی کے بیٹوں کے درمیان فرق کیا جارہا ہے،کیا ایک عام پاکستانی کیلئے انصاف کے تمام دروازے بند ہیں؟ عافیہ اب بھی اپنی بے گناہی کے باوجود جیل میں سڑ رہی ہے جبکہ دوسرے اپنے خاندانوں کے ہمراہ زندگی کی تمام تر رعنائیوں کے ساتھ لطف اندوزہورہے ہیں۔

وزیراعظم نواز شریف نے عافیہ کو 100 دنوں میں اس کے گھر میں لانے کا وعدہ کیا تھا۔ان کے وعدے کو تقریبا 1500دن گزر چکے ہیں مگر انہوں نے اس معاملے میں ایک سادہ اور معمولی کوشش بھی نہیں کی ہے۔امریکی ایجنٹ ریمنڈ ڈیوس کی رہائی کے وقت ڈاکٹر عافیہ کو باعزت وطن واپس لانے کا بہترین موقع ضائع کیا گیا تھا۔ اب قدرت نے حکمرانوں کو ایک اور موقع عطا کیا ہے ، عافیہ کی وطن واپسی سے پہلے شکیل آفریدی کو رہا نہیں کرنا چاہئے۔امریکی حکومت اور انتظامیہ پاکستانی عوام کو عافیہ کی صورت میں نئے سال کا تحفہ دے، عوام امریکی ایڈ نہیں عزت و غیرت چاہتے ہیں اس امریکی حکمران اپنے ٹیکس دہندہ شہریوں کا پیسہ بچا کر پاکستانی عوام سے دوستی کا مقصد حاصل کرسکتے ہیں جو حقیقی معنوں میں پائیدار ہوگی۔