Live Updates

وزیراعلیٰ شہباز شریف اور گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ کے درمیان ملاقات

باہمی دلچسپی کے امور، امن عامہ کی صورتحال اور صوبے میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے جاری ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال دور آمریت میں قومی وسائل کو بے دردی سے لوٹا گیا، اس وقت کے حکمرانوں نے کاغذی منصوبوں کے ذریعے جیبیں بھریں:وزیراعلیٰ شہبازشریف اور ان کی ٹیم انتہائی محنت سے عوام کی خدمت کر رہی ہے،منصوبوں سے عوام مستفید ہو رہے ہیں:گورنر پنجاب

بدھ 28 دسمبر 2016 21:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 دسمبر2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ کے درمیان آج یہاں ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، امن عامہ کی صورتحال اور صوبے میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے جاری ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں عوام کی ترقی و خوشحالی کے پروگرام پر عمل پیرا ہیں۔

ترقیاتی منصوبوں میں اربوں روپے کے وسائل بچا کر شاندار مثال قائم کی گئی ہے۔ شفافیت اور اعلیٰ معیار کے ساتھ منصوبوں کی تکمیل ہمارا طرہ امتیاز ہے اور موجودہ حکومت کی شفافیت اور معیار کے ساتھ منصوبوں کی تکمیل کو بین الاقوامی سطح پر بھی سراہا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت پر کوئی مخالف بھی انگلی نہیں اٹھا سکتا۔ انہو ںنے کہا کہ دور آمریت میں ترقیاتی منصوبوں کے نام پر قومی وسائل کو بے دردی سے لوٹا گیا اور اس وقت کے حکمرانوں نے کاغذی منصوبوں کے ذریعے اپنی جیبیں بھریں۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی ترقی اور وہاں کے عوام کی خوشحالی کیلئے تاریخ کا سب سے بڑا بجٹ دیا گیا ہے۔جنوبی پنجاب کے عوام کی ترقی اور خوشحالی انتہائی عزیز ہے۔ ترقیاتی اور دیگر پروگراموں میں جنوبی پنجاب کے کوٹے میں اضافہ کیا گیا ہے۔ پاکستان میں انتہاپسندی، دہشت گردی اور فرقہ واریت کی کوئی گنجائش نہیں۔ پنجاب حکومت نے عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے موثر اقدامات اٹھائے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کو بہتر سے بہتر سہولتوں کی فراہمی کے مشن پر گامزن ہیں اور ہمارا ہر قدم عوام کی فلاح و بہبود اور ان کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے اٹھ رہا ہے۔ گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف اور ان کی پوری ٹیم انتہائی محنت سے صوبے کے عوام کی خدمت کر رہی ہے۔ پنجاب حکومت کے فلاح عامہ کے منصوبوں سے عوام پوری طرح مستفید ہو رہے ہیں۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات