ْ جعلی و غیر معیاری ادویات تیار و فروخت کرنیوالوں کیخلاف سزائیں سخت کی جائینگی :شہبازشریف

ڈرگ ایکٹ میں ترامیم کی جا رہی ہیں،جعلی و غیر معیاری ادویات تیار کرنیوالی قتل گاہوں کا مکمل خاتمہ ہمارا مشن ہے،ایسے عناصر کی بیخ کنی کیلئے جرمانوں میںاضافہ کیا جائے گا ،جعلی اور غیر معیاری ادویات کا خاتمہ کر کے دم لیں گے، ، وزیرمملکت صحت سائرہ افضل تارڑ سے گفتگو

بدھ 28 دسمبر 2016 21:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 دسمبر2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے وزیر مملکت برائے صحت سائرہ افضل تارڑ نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صحت عامہ کی معیاری سہولتوں کی فراہمی اولین ترجیح ہے اور صحت کے شعبہ کی بہتری کے لئے انقلابی نوعیت کی اصلاحات لائی جا رہی ہیں۔ پنجاب حکومت نے مریضوں کو معیاری ادویات کی فراہمی کا مربوط پروگرام تشکیل دیا ہے۔

جعلی و غیر معیاری ادویات کی تیاری و فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے۔جعلی و غیر معیاری ادویات تیار کرنے والے عناصر معاشرے کا ناسور ہیں اور اس مکروہ کاروبار کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے جعلی و غیرمعیاری ادویات تیار اور فروخت کرنے والوں کے خلاف سزائیں اور جرمانے بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس ضمن میں ڈرگ ایکٹ میں ترامیم کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

جعلی و غیر معیاری ادویات تیار کرنے والی قتل گاہوں کا مکمل خاتمہ ہمارا مشن ہے۔ جعلی و غیر معیاری ادویات کی تیاری و فروخت کرنے والوں کے خلاف سزائیں سخت کی جائیں گی اورایسے عناصر کی بیخ کنی کیلئے جرمانوں میںاضافہ کیا جائے گا - صوبے سے جعلی اور غیر معیاری ادویات کا خاتمہ کر کے دم لیں گے -جعلی اور غیر معیاری ادویات کے گھناؤنے کاروبار میں ملوث عناصر موت کے سوداگر ہیں اس لئے جعلی اور غیر معیاری ادویات تیار اور فروخت کرنے والوں کو نشان عبرت بنانا ہو گا- انہوںنے کہاکہ جعلی اور غیر معیاری ادویات تیار و فروخت کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے گی اور اس مکروہ کاروبار کا صوبے سے مکمل خاتمہ کر دیں گے -انہوںنے کہا کہ معیاری ادویات ہر مریض کا حق ہے اور یہ حق اسے ہرصورت پہنچائیں گے - انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں طبی سہولتوں کو بہتر بنانے کے حوالے سے موثر اقدامات کئے جا رہے ہیں کیونکہ عوام کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی صحت مند معاشرے کے قیام کیلئے سود مند سرمایہ کاری ہے ۔

وزیر مملکت سائرہ افضل تارڑ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کی قیادت میںپنجاب حکومت نے صحت کے شعبہ میں نمایاں کا م کیا ہے اور صحت عامہ کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے پنجاب حکومت کے اقدامات بے مثال ہیں۔

متعلقہ عنوان :