وزیر مملکت کیڈ کی زیر صدارت سمارٹ سکول سسٹم قائم کرنے سے متعلق اہم اجلاس

سمارٹ سکولوں کے قیام سے شہر کے بہترین پرائیویٹ سکولوں اور پبلک سیکٹر کے سکولوں میں تعلیمی معیار کے فرق کو ختم کردیاجائے گا، طارق فضل چوہدری کا خطاب

بدھ 28 دسمبر 2016 21:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 دسمبر2016ء)وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کی صدارت میں کیڈ میں پلاننگ کمیشن کی مدد سے اسلام آباد میں سمارٹ سکول سسٹم قائم کرنے سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہواجس میں پارلیمانی سیکرٹری برائے کیڈ مائزہ حمید ، کیڈ کے مشیر برائے تعلیم علی رضا اور فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس میں وزیر مملکت کو اسلام آباد میں سمارٹ سکول کے قیام سے متعلق پیش رفت پر بریفننگ دی گئی۔اس موقع پر وزیر مملکت نے کہا کہ سمارٹ سکولوں کے قیام سے شہر کے بہترین پرائیویٹ سکولوں اور پبلک سیکٹر کے سکولوں میں تعلیمی معیار کے فرق کو ختم کردیاجائے گا۔ پراجیکٹ کے پہلے فیز پر کامیابی سے عملدرآمد کے بعد اسے شہر کے مزید سکولوں اور کالجوں تک وسیع کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بتایا گیا کہ سمارٹ سکولوں میں ٹیکنالوجی اور نصاب کے امتزاج کے ذریعے تعلیمی معیار میں بہتری لائی جائے گی، پہلے مرحلے میں اسلام آباد کے 24سکولوں اور کالجوں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی سہولیات فراہم کی جائیں گی، ان میں سے 12ادارے لڑکوں اور 12لڑکیوں کے ہوں گے۔سمارٹ سکول سسٹم بنیادی اجزائ میں منتخب سکولوں اور کالجوں میں کمپیوٹرز کی فراہمی، ہائی سپیڈ انٹرنیٹ کنکشن، آن لائن سیکھنے کی تربیت اور کورسز، اردو اور انگریزی میں کورسز کی دستیابی اور اساتذہ کی انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال میں تربیت شامل ہیں۔

اس پروگرام کی بدولت اسلام آباد کے 8سے 14سال کے کم آمدنی والے بچوں کو معیاری تعلیم مل سکے گی۔ پہلے سال پروگرام سے 5,760بچے مستفید ہوں گے جن کی تعداد تیسرے سال بڑھ کر 17, 280ہوجائے گی۔پروگرام کے تحت تعلیمی اداروں میں لیبارٹریاں اور لائبریریوں کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔(ار)