سکولوں سمیت بنیادی سہولیات کی فراہمی کے 906 منصوبوں پرخطیر رقم خرچ کی جار ہی ہے،کمشنر

بدھ 28 دسمبر 2016 21:19

ڈی جی خان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 دسمبر2016ء)ڈیرہ غازیخان ڈویژن میں خطرناک قرار دی جانے والے سکولوں کی 341عمارتوں سمیت بنیادی سہولیات کی فراہمی کے 906 منصوبوں پر ڈیڑھ ارب روپے سے زائد رقم خرچ کی جار ہی ہے ․ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل آخری مراحل میں ہے ․ مٹیریل کے معیار اور مدت تکمیل پر ہرگز سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا․ یہ بات کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن محمد یثرب کی زیر صدارت اس سلسلے میں منعقدہ جائزہ اجلاس کو بتائی گئی ․ کمشنر محمد یثر ب نے کہاکہ حکومت پنجاب تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ․ پانی ، بجلی ، چار دیواری اور بیت الخلاء کی سہولیات ہر تعلیمی ادارے میں ممکن بنائی جائے گی․خستہ حال ا ور ناکارہ عمارتوں کو گرا کر از سر نو تعمیر کیا جارہاہے جس کا مقصد بہتر ماحول میں تعلیمی فرائض انجام دینا ہے ․ کمشنر نے کہاکہ متعلقہ افسران فیلڈ میں رہ کر ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کریں ․ اجلاس کو بتایاگیاکہ صوبائی سالانہ ترقیاتی پروگرام 2015-16کے تحت ڈیرہ غازیخان ڈویژن میں 90کروڑ 50 لاکھ 70ہزار ر وپے سے تعلیمی اداروں کی 341سکیموں کو مکمل کیاگیاہی․ اسی طرح تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے 565منصوبوں پر تقریبا 59کروڑ روپے خرچ کیے جا رہے ہیں ․اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن اظفر ضیاء ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلاننگ انعم حفیظ ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر فنانس وسیم اختر جتوئی ، سپرنٹنڈنگ انجینئرز شفاقت حسین ، جاوید بشیر ، ای ڈی او فنانس سرفراز مگسی ، ڈی او پلاننگ سہیل روف سمیت دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔