پنجاب کی سرکاری جامعات میں پرو وائس چانسلرز تعینات کئے جائیں گی: رضا گیلانی

بدھ 28 دسمبر 2016 21:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 دسمبر2016ء) وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے ویژن کی روشنی میں ہائرایجوکیشن کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالنے کے روڈ میپ پر کام تیزی سے جاری ہے۔ہماری کوشش ہے کہ طالب علموں کوبہترین تعلیمی مواقعوں کے ساتھ ساتھ تحقیق کے لئے سازگار ماحول میسر آئے۔اس حوالے سے یہ فیصلہ بھی کیا گیا ہے کہ پنجاب کی سرکاری جامعات میں پرو وائس چانسلرز لگائے جائیں ۔

اس طرح وائس چانسلرز کو جامعات کا مجموعی معیار بہتر بنانے کے حوالے سے ضروری معاونت میسر آئے گی۔ یہ بات صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی نے جامعہ پنجاب،نواز شریف یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ملتان،یونیورسٹی آف سرگودھا اور لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کے نئے مقرر شدہ عبوری وائس چانسلرز کے ساتھ اپنے دفتر میں ملاقات کے دوران کہی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیکرٹری ہائرایجوکیشن نسیم نواز،چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر نظام الدین اور ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر شاہد سرویہ بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستانی جامعات کو دنیا کی 500 بہترین جامعات کی فہرست شامل کرانا ہمارا اہم مقصد ہے۔اب جامعات کی پراگرس بیسڈ پرفارمنس مانیٹر کی جائے اور حکومت اعلی تعلیم کا معیار بہتر بنانے کے لئے جامعات کو بھرپور معاونت مہیا کرے گی تاکہ پاکستانی طالب علم علم اور تحقیق وجستجو میں دسترس کے ذریعے پاکستان کی دنیا میں علمی پہچان بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن اور محکمہ اعلی تعلیم بھی جامعات کو مجموعی ترقی کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ہم نالج اکانومی کو ترقی دے کر پاکستان کی معیشت کو بہتر بنانا چاہتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ جامعات میں طالب علموں کے مسائل کے فوری ازالے کے لئے فیڈ بیک سسٹم کا قیام عمل میں لایا جائے گا اور انٹر نیٹ اپلیکیشن کے ذریعے طالب علموں کی شکایات کے ازالے کے عمل کو مانیٹرنگ کیا جائے گا۔اس موقع پر چاروںجامعات کے وائس چانسلرز نے اظہار خیال کرتے ہوئے اس عزم کو دہرایا کہ وہ اپنی اپنی جامعات میں تحقیق اور اعلی تعلیم کے بہترین مواقعوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کریں گے تاکہ اعلی تعلیم کے شعبے میں پاکستان اپنی پہچان بنائے۔

متعلقہ عنوان :