سی آئی اے پولیس نے نشاط کالونی کے رہائشی وقاص علی کو اغوا کے بعد قتل کرنے کی واردات میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا

بدھ 28 دسمبر 2016 20:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 دسمبر2016ء) سی آئی اے پولیس نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی شہری عبدالغفار کے بیٹے وقاص علی کو اغوا کے بعد قتل کرنے کی واردات میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کرلیاہے ،ملزمان کے قبضہ سے مقتول وقاص علی کی موٹر سائیکل بھی برآمدکرلی گئی۔تفصیلات کے مطابق سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر)محمد امین وینس نے نشاط کالونی میں اغواہونے والے وقاص کی واردات کا نوٹس لیتے ہوئے اس واردات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے کا حکم دیا ۔

ایس پی سی آئی اے طارق الٰہی مستوئی نے واردات کی سنگینی کے پیش نظر انچارج انسداد اغوا برائے تاوان سیل طارق الیاس کیانی کی سربراہی میں ایک پولیس ٹیم تشکیل دی۔اس پولیس ٹیم نے مغوی کے عزیز و اقارب اور دوستوں کو شامل تفتیش کیا اورمدعیہ کو آنے والے میسجز اور کالوں کے متعلق معلومات حاصل کیں ۔

(جاری ہے)

حاصل شدہ معلومات کی روشنی میں مغوی کے رشتے دار مجیب ارشد عرف راجہ کو شامل تفتیش کیا۔

دوران انٹیروگیشن ملزم مجیب ارشد عرف راجہ نے اپنے دوستوں عثمان عارف اور کامران کے ساتھ ملکر وقاص علی کو اغواء کر کے قتل کرنے کا انکشاف کیا۔ملزم نے مزید انکشاف کیا کہ مقتول وقاص علی اس کو اکثر سالا کہہ کر چھیڑتا تھا جس کی وجہ سے مقتول وقاص علی کی ملزم کے ساتھ کئی بار تلخ کلامی بھی ہوئی تھی ۔ مقتول او ایل ایکس کے ذریعے لیپ ٹاپ اور موبائل فونز کی خرید و فروخت کا کام کرتا تھا ۔

ملزم نے وقاص علی کو اپنے دوستوں عثمان اور فہیم شاہ کے ساتھ ملکر موبائل فون خریدنے کے بہانے مغلپورہ بلایا اور وہاں سے ملزمان مجیب ارشد، عثمان اور کامران وقاص کو لیکر عثمان کے گھر رام گڑھ لے گئے۔ جہاں ملزمان نے مقتول وقاص علی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور نعش کو ملزم شہباز حیدر کی مدد سے عثمان کے گھر کمرہ میں گڑھا کھود کر دفن کر دیا۔

ملزمان کے قبضہ سے مقتول وقاص علی کی موٹر سائیکل برآمد ہو چکی ہے۔ پولیس نے مجیب ارشد اور اس کے دو دوستوں عثمان عارف اور شہباز حیدر کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ انکا ایک ساتھی کامران تاحال مفرور ہے جس کی گرفتاری کے لئے ریڈز کیے جارہے ہیں ۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن چوہدری سلطان نے اغوا کے بعد قتل کرنے کی واردات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری پر پولیس ٹیم کے لئے نقد انعامات اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :