بلاول بھٹو زرداری کا زہریلی شراب پینے کی وجہ سے 35افراد کی ہلاکت پر دکھ اور افسوس کا اظہار

بدھ 28 دسمبر 2016 20:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 دسمبر2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پنجاب کے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں زہریلی شراب پینے کی وجہ سے 35افراد کی ہلاکت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ پنجاب پولیس کی جانب سے کرسمس پریہ زہریلی شراب بیچنے والی رپورٹس نے انہیں چونکا دیا ہے،بلاول بھٹو زرداری نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اس سانحہ کے ذمیواروں کے خلاف سخت اقدامات اٹھائے جائیں،پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ اس سانحہ میں 35افراد کی دکھدائک ہلاکت نے نواز لیگ کی اس بہتر حکمرانی کا بھانڈہ پھوڑ دیا ہے جس کے متعلق وہ پروپیگنڈہ کرتے ہوئے سطحی تاثر دینے کی کوشش کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ شریفوں نے پنجاب کے عوام کو امیر ٹولے کے ہاتھوں یرغمال بنا رکھا ہے اور ان سے غلاموں والا سلوک کیا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ صرف پاکستان پیپلزپارٹی اور اس کی حکومت پرہی ازخود نوٹس کے بادلوں اور متحرک عدلیہ کی رحمت رہی ہے جبکہ تخت جاتی امرا کو کسی وجہ سے ان نعمتوں سے محروم رکھا گیا ہے،بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جو لوگ چاہتے ہیں کہ عوام انہیں رٹائرمینٹ کے بعد بھی یاد رکھے تو ایک ملک، دو قانون سے جان چھڑانا ہماری آنے والی نسلوں کے لیے ایک عظیم تحفہ ہوگا۔