وہ وقت دور نہیں جب پنجاب میں بھی تحریک انصاف کی حکومت ہو گی‘جہانگیر خان ترین

آصف زردای کے سیاست میں آنے کے فیصلے پر حیرانی ہے مگریہ ان کا اپنا فیصلہ ہے،پیپلز پارٹی سیاسی لانگ مارچ کی وضاحت کرے

بدھ 28 دسمبر 2016 20:49

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 دسمبر2016ء) تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل جہانگیر خان ترین نے کہا ہے کہ پانامہ کیس سپریم کورٹ کے ساتھ عوامی عدالت میں بھی لڑیں گے ،وہ وقت دور نہیں جب پنجاب میں بھی تحریک انصاف کی حکومت ہو گی۔جہانگیر ترین فیصل آباد میں بلدیاتی انتخابات میں پارٹی کے اختلافات کا جائزہ لینے پہنچے تھے۔ گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف ایک نظریاتی جماعت ہے ،اپنی مفاد کیلئے کام کرنے والوں کی اس جماعت میں کوئی جگہ نہیں ہے۔

انہوںنے کہاکہ پاناما کیس عدالت میں ہے کیس کو دبانے کی کوشش کی گئی لیکن تحریک انصاف نے کیس کو سپریم کورٹ تک پہنچایا۔ سپریم کورٹ کیساتھ ساتھ ہم عوام میں بھی جائیںگے۔ ان کا کہنا تھا کہ آصف زردای کے سیاست میں آنے کے فیصلے پر حیرانی ہے یہ ان کا اپنا فیصلہ ہے۔

(جاری ہے)

قوم کو انتظار تھا کہ کیا اعلان ہو گا ،پیپلز پارٹی سیاسی لانگ مارچ کی وضاحت کرے۔ فیصل آباد کی سیاست اور دھڑے بندیوں پر ان کا کہنا تھا کہ ایسا ہر پارٹی میں ہوتا ہے جن چیئرمینوںنے بلدیاتی الیکشن میں (ن) لیگ کو ووٹ دیئے ہیںان کو شوکاز نوٹس جاری کر دئیے گئے ہیں۔ جو لوگ شہر میں ایم پی اے کے خلاف بینرز لگا رہے ہیں ان کے خلاف بھی کارروائی ہو گی اس کے لئے کمیٹی بنا دی گئی ہے جو عمران خان کو رپورٹ پیش کرے گی۔