آرمی چیف نے سانحہ صفورہ ، سبین محمود کے قتل سمیت دیگر واقعات میں ملوث 8دہشتگردوں کی سزائے موت ،3کی عمر قید کی توثیق کردی

بدھ 28 دسمبر 2016 20:49

آرمی چیف نے سانحہ صفورہ ، سبین محمود کے قتل سمیت دیگر واقعات میں ملوث ..
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 دسمبر2016ء) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سانحہ صفورہ اور سبین محمود کے قتل سمیت دیگر واقعات میں ملوث مزید 8دہشتگردوں کی سزائے موت جبکہ 3 دہشت گردوں کی عمر قید کی توثیق کردی ۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فوجی عدالتوں سے سزائے موت پانے والے 8دہشتگردوں کی سزائے موت جبکہ 3دہشتگردوں کی عمر قید کی توثیق کردی ہے۔

سزا پانے والے دہشت گرد سماجی کارکن سبین محمود کے قتل میں ملوث ہونے کے ساتھ ساتھ سانحہ صفورا، چینی انجینئرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے قتل میں ملوث ہیں۔ سزائیں پانے والے دہشت گردوں میں کالعدم تنظیم کے کارندے بھی شامل ہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل آصف غفور نے کہا کہ فوجی عدالتوں سے سزا پانے والے دہشت گردوں میں حافظ محمد عمر، علی رحمان عرف پنوٹونا، عمرالمعروف جواد، عبدالسلام عرف طیب رضوان عظیم، خرم شفیق عبداللہ منصور شامل ہیں جبکہ دہشت گرد بلال محمود، محمد یوسف قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پرحملے، سیف اللہ شہریوں اورپولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان پاک فوج کے مطابق سزاپانے والوں میں کالعدم تحریک طالبان کے ترجمان مسلم خان بھی شامل ہے جو کیپٹن نجم، کیپٹن جنید، سکیورٹی اہلکاروں اور دوچینی انجینئرز کے اغوا ء میں ملوث تھا ،مسلم خان نے مجسٹریٹ کے سامنے اپنے جرائم کا اعتراف کیا ۔جبکہ عمر قید پانے والا سرتاج علی دہشتگردوں کی مالی معاونت، محمود خان چینی انجینئرزکے اغوا میں ملوث ہے ،عمر قید کی سزا پانے والا تیسرا دہشتگرد فضل غفار ہے۔واضح رہے کہ سانحہ اے پی ایس کے بعد آئین میں ترامیم کرکے فوجی عدالتیں قائم کی گئیں تھیں جن میں 300 مقدمات بھجوائے جاچکے ہیں اور ان میں سے 120 اب بھی زیر سماعت ہیں۔

متعلقہ عنوان :