پاکستان بھر میں بجلی کے منصوبوں پر تیز رفتاری سے کام ہو رہا ہے،2017ء کے آخر تک لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہو گا،سچ اور حق کی سیاست کے سامنے جھوٹ اور الزام تراشی کی منفی سیاست کا پول کھل چکا ہے،دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی ہوئی ہے اور پاکستان پہلے سے کہیں محفوظ ملک بن چکا ہے

وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی مسلم لیگ (ن) سندھ کے سینئر نائب صدر شاہ محمد شاہ سے گفتگو

بدھ 28 دسمبر 2016 20:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 دسمبر2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک کو درپیش تمام مسائل کے حل کیلئے عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔ توانائی بحران اور دہشت گردی کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے سنجیدگی سے اقدامات کئے گئے ہیں۔ توانائی بحران کے خاتمے کیلئے پاکستان بھر میںبجلی کے منصوبوں پر تیز رفتاری سے کام ہو رہا ہے۔

انشاء اللہ 2017ء کے آخر تک لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہو گا اورملک سے اندھیرے چھٹ جائیں گے۔ 2013 کے مقابلے میں آج کا پاکستان ترقی یافتہ، خوشحال اور پرامن ہے۔وہ بدھ کو مسلم لیگ (ن) سندھ کے سینئر نائب صدر شاہ محمد شاہ سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے ساڑھے تین برس محنت، خدمت اور شفافیت کی گواہی دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

عوام کی خدمت کیلئے مٹی کے ساتھ مٹی ہونا پڑتا ہے۔ سچ اور حق کی سیاست کے سامنے جھوٹ اور الزام تراشی کی منفی سیاست کا پول کھل چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے خدمت کے سفر میںرخنہ ڈالنے والے ان عناصر کی منفی سیاست کو دفن کر دیا ہے اور افراتفری کی سیاست کرنے والے عناصر سے لاتعلق رہ کر ثابت کردیا ہے کہ پاکستانی عوام حکومت کی پالیسیوں کا تسلسل چاہتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف اتفاق رائے سے کئے گئے فیصلوں کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی ہوئی ہے اور پاکستان پہلے سے کہیں محفوظ ملک بن چکا ہے۔