ْ کینیڈا میں مقیم سکھ برادری کو پاکستان میں سکھوں کی مقدس مقامات کی سیاحت کیلئے راغب کیا جائے گا

منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی ڈی سی چوہدری عبدالغفورکی کینیڈا میں متعین پاکستان کے سفیر طارق عظیم سے گفتگو

بدھ 28 دسمبر 2016 19:12

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 دسمبر2016ء) منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان ٹوررزم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) چوہدری عبدالغفور نے کہا ہے کہ کینیڈا میں مقیم سکھ برادری کو پاکستان میں سکھوں کے مقدس مقامات کی سیاحت کیلئے راغب کیا جائے گا‘کینیڈا کے سیاحوں خصوصاً سکھ برادری کیلئے پاکستان میں سیاحتی سرگرمیوں کیلئے متعدد مواقع موجود ہیں‘ سکھوں کے مقدس ترین مقامات پاکستان میں واقع ہیں جن کی مناسب تشہیر سے سکھ برادری کو پاکستان کی سیاحت کیلئے راغب کیا جاسکتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار چوہدری عبدالغفور خان منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی ڈی سی نے کینیڈا میں متعین پاکستان کے سفیر طارق عظیم سے گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کا شعبہ ماضی میں نظر انداز کیا جاتا رہا ہے لیکن اب وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں سیاحت کی ترقی و ترویج حکومت کی ترجیحات کا حصہ ہے۔

(جاری ہے)

ہم کینیڈا سے سکھ گروپس کو پاکستان آمد کیلئے راغب کرنا چاہتے ہیں تاکہ وہ پاکستان میں اپنی مذہبی رسومات ادا کرنے کے ساتھ ساتھ سیاحتی مقامات سے بھی لطف اندوز ہوسکیں۔

پاکستان کے چاروں موسم سیاحوں کو اپنی پسند کی سیاحت کے منفرد مواقع فراہم کرتے ہیں۔ شمالی علاقہ جات میں برف پوش پہاڑوں سے لیکر بحیرہ عرب کے شفاف پانیوں تک پاکستان میں سیاحت کے بے شمار مواقع ہیں۔ یہاں دنیا کے بلند ترین 14 میں سے 5 چوٹیاں اور بحر قطب شمالی سے باہر 73 کلومیٹر بڑے گلیشیئر موجود ہیں۔ جھیلیں وادیاں صحرا اور دیگر قدرتی مناظر اسے دنیا بھر سے ممتاز کرتے ہیں۔

اب یہ وقت ہے کہ پاکستان کی دنیا بھر میں ایک پٴْر امن اور سیاح دوست ملک کے طور پر تشہیر کی جائے۔کینیڈا میں پاکستان کے سفیرطارق عظیم نے بتایا کہ ہم سیاحت پر مل کر کام کرنا چاہتے ہیں اور اسی سلسلے میں منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی ڈی سی کی قیادت میں ایک پاکستانی وفد کینیڈین ایمبیسی کی دعوت پرکینیڈا بلایا جائے گا جہاں پاکستان کی سیاحت پر کانفرنس کا انتظام کیا جائے گا۔ اس کانفرنس میں کینیڈا کے سیاحتی اداروں کے نمائندگان کو مدعو کیا جائے گا۔ یہ کانفرنس پی ٹی ڈی سی کیلئے پاکستان کے سیاحتی مقامات کی تشہیر کیلئے بہترین موقع ہے۔

متعلقہ عنوان :