چین پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ،ڈاکٹر وانگ ژی ہیوا

چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ پورے خطے کے لیے اہم ہے ،چینی کمرشل اتاشی کی وفد سے بات چیت

بدھ 28 دسمبر 2016 18:45

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 دسمبر2016ء) راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر راجہ عامر اقبال سینئر نائب صدر راشد وائیںاور نائب صدر عاصم ملک پر مشتمل وفد نے چینی کمرشل اتاشی ڈاکٹر وانگ ژی ہیواسے ملاقات کی اور چیمبر کی سطح پر تجارتی تعلقات، کاروباری مواقعوں، سنگل کنٹری نمائش ، بزنس ویزہ اوروفود کے تبادلوں کے حوالے سے تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔

چینی کمرشل اتاشی ڈاکٹر وانگ ژی ہیوا نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ سی پیک پاکستان سمیت پورے خطے کیلئے اہم ہے پبلک سیکٹر اور نجی شعبہ ان مواقع سے فائدہ اٹھائے۔ اس موقع پر راجہ عامر اقبال نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی سمندر سے گہری ہے اس کی جڑیں مضبوط ہیں مشکل وقت میں چین نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے 46ارب ڈالر کا سی پیک منصوبہ اس عظیم دوستی اور تجارتی تعلق کی روشن مثال ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے تجویز پیش کی کہ اس منصوبے کے تحت ایس ایم ایز کے شعبے میں چینی کمپنیوں کے ساتھ مشترکہ منصوبے لگائے جائیں اورسرمایہ کاری کے لیے متوقع سیکٹرز کے بارے میں معلومات کا چیمبرز کے ساتھ تبادلہ کیا جائے۔ کمرشل اتاشی نے صدر چیمبر کی تجاویز کو مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ سی پیک کے حوالے سے ہر فورم پر ان تجاویز کو شامل کیا جائے گا۔ صدر راجہ عامر اقبال نے معلومات کے تبادلوں اور مشترکہ منصوبوں کے حوالے سے چیمبر کی جانب سے بھر پور معاونت اور تعاون کا یقین دلایا انہوں نے کمرشل اتاشی کو راولپنڈی چیمبر کی جاری سرگرمیوں اور آئندہ کے منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا ۔ انہوں نے ڈاکٹر وانگ ذہ ہیوا کو آل پاکستان چیمبرز صدور کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی دی ۔

متعلقہ عنوان :