اختلافات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے اور تنازعات کے خاتمے سے سماجی روابط مضبوط ہوتے ہیں،ڈاکٹرارشد وہرہ

باہمی مشاورت سے معاشرے میں مثبت تبدیلی آنے کیساتھ معاشرتی اقدار کو فروغ حاصل ہوتا ہے،ڈپٹی میئر کراچی کا ورکشاپ سے خطاب

بدھ 28 دسمبر 2016 18:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 دسمبر2016ء) ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد وہرہ نے کہا ہے کہ آپس کے اختلافات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے اور تنازعات کے خاتمے سے سماجی روابط مضبوط ہوتے ہیں اور باہمی مشاورت سے معاشرے میں مثبت تبدیلی آنے کے ساتھ ساتھ معاشرتی اقدار کو فروغ حاصل ہوتا ہے، ان خیالات اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں سٹی انسٹیٹیوٹ آف امیج مینجمنٹ، فریڈم گیٹ پاکستان اور FNF کے تعاون و اشتراک سے تنازعات کا انتظام ) (Conflict Management کے موضوع پر منعقدہ دو روزہ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر FNF کے صدر محمد انور، معروف اسکالر پروفیسر ڈاکٹرہما بقائی، ڈائریکٹر سم محمد شاہد سمیت مختلف جماعتوں سے تعلق رکھنے والے سٹی کونسلرز، سول سوسائٹی کے اراکین سمیت یونیورسٹیز اور کالجز کے طلبہ و طالبات بھی بڑی تعداد میں موجود تھے، ڈپٹی میئر کراچی نے کہا کہ تنازعات کے خاتمے کے موضوع پر اس ورکشاپ کا انعقاد معاشرے کی اہم ضرورت ہے کیونکہ آپس کے تنازعات نے جھگڑوں کی صورت اختیار کرلی ہے جس سے عوامی مسائل حل ہونے کے بجائے مزید پیچیدہ ہوتے جارہے ہیں جو الجھائو کا باعث بن رہے ہیں انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ ان تنازعات کو مل بیٹھ کر اور سائنسی انداز میں حل کیا جائے ، انہوں نے کہا کہ اس فورم کے ذریعے منتخب نمائندوں اور سول سوسائٹی کے لئے ا س موضوع پر ورکشاپ منعقد کرانے اور شعور اجاگر کرنے کی کوشش معاشرے میں یقینا بہتری کا سبب بنے گی، مجھے امید ہے کہ ورکشاپ کے شرکاء اس سے مستفید ہونے کے ساتھ ساتھ اس سلسلے کو مزید آگے بڑھائیں گے، قبل ازیں FNF کے صدر محمدانور نے اپنے خطاب میں سٹی انسٹیٹیوٹ آف امیج مینجمنٹ اور فریڈم گیٹ پاکستان کے تعاون کا شکریہ ادا کیا اور اسے وقت کی اہم ضرورت قرار دیا جبکہ آئی بی اے کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر ہما بقائی نے ورکشاپ کے موضوع پر تفصیلی لیکچر دیتے ہوئے کہا کہ تنازعات کے خاتمے کے لئے جدید تقاضوں کے مطابق معاشرے کے تمام طبقوں کو مل بیٹھ کر انہیں حل کرنے کی بھر پور کوشش کی جائے تاکہ ایک آئیڈل معاشرہ تشکیل پا سکے۔

متعلقہ عنوان :