سوشل میڈیا پر زیر گردش تصویر میں وزیراعظم کیساتھ نامز د چیف جسٹس نہیں ،اٹارنی جنرل کا کارروائی کیلئے وزارت داخلہ ،انفارمیشن ٹیکنالوجی کو خط

سوشل میڈیا پر نامزد چیف جسٹس کی کردار کشی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ‘ مطالبہ

بدھ 28 دسمبر 2016 18:11

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 دسمبر2016ء) اٹارنی جنرل آف پاکستان نے سوشل میڈیا پر زیر گردش وزیراعظم نواز شریف کی نامزد چیف جسٹس مسٹر جسٹس ثاقب نثار کے ساتھ تصاویر کو غلط قرار دیتے ہوئے کردار کشی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔

(جاری ہے)

اٹارنی جنرل کی جانب سے وزارت داخلہ اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر وزیراعظم اور صدر کے ساتھ نامزد چیف جسٹس کی تصویر درست نہیں، تصویر میں جسٹس ثاقب نثار نہیں بلکہ ظفر اقبال جھگڑا ہیں۔

اٹارنی جنرل نے سوشل میڈیا پر نامزد چیف جسٹس کی کردار کشی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر گزشتہ کئی روز سے صدر کے ساتھ وزیراعظم نواز شریف اور ظفر اقبال جھگڑا کی ایک تصویر زیر گردش ہے جسے وزیراعظم اور سپریم کورٹ کے نامزد چیف جسٹس مسٹر جسٹس ثاقب نثار کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔