حکومت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی بنیاد پر معیشت کو فروغ دینا چاہتی ہے، مریم اورنگزیب

بزنس کمیونٹی کیلئے فلم انڈسٹری میں سرمایہ کاری ا ور کاروبار کے پرکشش مواقع موجود ہیں ،مثبت حکومتی کوششوں سے ملک میں صنعتوں کیلئے اس وقت زیرو لوڈ شیڈنگ ہے ،وزیر مملکت اطلاعات کا اسلام آباد چیمبر میں تاجر برادری سے خطاب نوجوانوں کو کاروبار کی طرف راغب کرنے کیلئے حکومت سرکاری سطح پر انٹرپرینیورشپ ٹی وی چینل کھولنے پر غور کرے، خالد اقبال ملک صدر اسلام آباد چیمبر

بدھ 28 دسمبر 2016 17:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 دسمبر2016ء) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی بنیاد پر ترقیاتی کاموں کو آگے بڑھانا چاہتی ہے کیونکہ دنیا میں یہ ماڈل کافی کامیاب ثابت ہوا ہے ،نجی شعبہ ان کوششوں میں حکومت کا پارٹنر بنے۔ فلم انڈسٹری میں کاروبار و سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں ،بزنس کمیونٹی وزارت اطلاعات کے تعاون سے پاکستان کی فلم انڈسٹری میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرے جس سے فلمی صنعت کو بہتر فروغ ملے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تاجروصنعتکار معیشت کی ترقی میں اہم کردارکر رہے ہیں اور موجودہ حکومت امن و امان کی بہتری سمیت کاروبار کیلئے سازگار حالات پیدا کرنے کیلئے متعدد اقدامات اٹھا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت کی مثبت کوششوں سے ملک میں صنعتوں کیلئے اس وقت زیرو لوڈ شیڈنگ ہے جبکہ دیگر صارفین کیلئے لوڈشیڈنگ 16گھنٹوں سے کم ہو کر 3گھنٹے تک آ گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان میاں نوازشریف نے میاں والی میں 340میگاواٹ پر مشتمل چشمہ تھری نیوکلر پاور پلانٹ کا افتتاح کر دیا ہے جو تاجر برادری کیلئے اچھی خبر ہے اور اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ حکومت ان کی بہتری کیلئے مزید مثبت اقدامات اٹھائے گی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ تاجر وصنعتکار برادری فلاحی کاموں اور انسانی ترقی کی کوششوں میں میں مفید کردار ادا کر رہی ہی جن کو مزید اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تاجر برادری صحت و تعلیم کے شعبوں کی ترقی کیلئے کی جانے والی کوششوں میں حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کرے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان پر انٹرپرنیورشپ کے بارے میں پروگرام شروع کرنے پر غور کیا جائے گا تا کہ ملک میں انٹرپرینیورشپ کلچر کو بہتر فروغ ملے۔ انہوںنے کہا کہ وزارت اطلاعات جنوری میں سی پیک منصوبے کے بارے میں ایک آگاہی سمینار منعقد کرے گی اور تاجر برادری اس میں شرکت کرے تا کہ اس منصوبے میں پائے جانے والے کاروبار و سرمایہ کاری کے مواقعوں کے بارے میں ان کو بہتر آگاہی حاصل ہو سکے۔

انہوںنے کہا کہ ان کی وزارت چیمبر کے ساتھ فلمی صنعت سمیت دیگر منصوبوں میں طویل المدت شراکت داری میں شامل ہونا چاہتی ہے تاکہ مشترکہ کوششوں سے معیشت کیلئے منافع بخش نتائج حاصل کئے جا سکیں۔ اپنے استقبالیہ خطاب میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خالد اقبال ملک نے کہا کہ وزارت اطلاعات و نشریات سی پیک منصوبے میں پائے جانے والے سرمایہ کاری کے مواقعوں کو میڈیا کے ذریعے ملکی و عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی کوشش کرے تا کہ زیادہ سے زیادہ غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات سی پیک منصوبوں میں پیدا ہونے والے روزگار کے مواقعوں کے بارے میں پلاننگ کمیشن کے تعاون سے ایک سی پیک جاب پورٹل قائم کرے پر غور کرے تا کہ نوجوانوں کو روزگار کی تلاش میں سہولت ہو۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں اور کاروبار کرنے والوں کو بزنس انفارمیشن کے حصول کیلئے مختلف اداروں کے چکر لگانے پڑتے ہیں لہٰذا وزارت اطلاعات ونشریات کاروبار سے متعلقہ حکومتی اداروں کے تعاون سے ایک بزنس انفارمیشن ڈسک قائم کرنے پر توجہ دے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک نوجوان آبادی والا ملک ہے اور سب نواجوانوں کو روزگار فراہم کرنا حکومت کیلئے مشکل ہے لہٰذا وزارت اطلاعات و نشریات سرکاری سطح پر ایک انٹرپرینیورشپ ٹی وی چینل کا اجراء کرنے پر غور کرے تا کہ ملک میں انٹرپرینورشپ کلچر کی حوصلہ افزائی ہو اورنوجوان کاروبار کی طرف راغب ہوں۔انہوں نے کہا کہ چیمبر جنوری کے آخری ہفتے میں ہینڈی کرافٹس اور خواتین کی مصنوعات کی ایک نمائش منعقد کر رہا ہے لہٰذا وزیر مملکت مذکورہ نمائش میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں جس کی مریم اورنگزیب نے تصدیق کی۔

اس سے قبل چیمبر کے سینئر نائب صدر خالد ملک نے وزیر مملکت کا تفصیلی تعارف کرایا۔آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر خالد ملک، نائب صدر طاہر ایوب، خالد جاوید، میاں اکرم فرید، میاں شوکت مسعود، ناصر قریشی، خالد چوہدری، فاطمہ عظیم، ثمینہ خالد، ناصرہ علی اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :