مسلم لیگ (ن) کو سبق سکھانے والے محمدنواز شریف سے عوام کی خدمت اور ترقی کا سبق سیکھیں ،الزام تراشی کی سیاست کا سبق پیپلز پارٹی آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے الیکشن میںحاصل کر چکی ہے ،پاکستان کے عوام سیاسی طورپر باشعور ہو چکے ،کرپٹ عناصر کا قومی سیاست میں کردار ختم ہو گیا ،آئندہ انتخابات کا ایجنڈا شفافیت اور کارکردگی ہوں گے ،محض لب کشائی اور الزام تراشی کرنے والے اپنے صوبوں کے حالات بہتر بنائیں

وفاقی وزیربرائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہرکابیان

بدھ 28 دسمبر 2016 16:41

مسلم لیگ (ن) کو سبق سکھانے والے محمدنواز شریف سے عوام کی خدمت اور ترقی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 دسمبر2016ء) وفاقی وزیربرائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کا ہمیشہ سے یہ موقف رہا ہے کہ قومی ایشو ز کو سڑکوں اور چوراہوں پر طے کرنے کی بجائے پارلیمنٹ کے فورم پر طے کیے جائیں۔ اُنہوں نے آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کے اسمبلی آنے کے اعلان کو خوش آئندہ قرار دیا اور کہا کہ جہاں تک اس امر کا تعلق ہے کہ وہ پارلیمنٹ میں محمدنواز شریف کو سبق سیکھانے آ رہے ہیں تو اس کا فیصلہ آنے والا وقت اور عوام کریں گے ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اس سے قبل گلگت بلتستان اور آزادکشمیر کے انتخابات میں پیپلز پارٹی اور بلاول بھٹو کے نام نہاد الزامات اور لب کشائی کا سبق وہاں کی عوام ان کو بخوبی سیکھا چکے ہیں ۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ ہمیشہ وہ شخص ترقی کرتا ہے جو اپنے ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھتا ہے لیکن ایسا محسوس ہوتا ہے کہ بلاول بھٹواور اس کے سیاسی اساتذہ نے گلگت بلتستان ،آزادکشمیر اور ضمنی انتخابات میں عبرت ناک شکست سے کچھ سبق حاصل نہیں وفاقی وزیر نے کہا کہ آج پاکستان کے عوام سیاسی طورپر انتہائی باشعور ہو چکے ہیں اور وہ محض شہیدوں اور اسلاف کے خون کی سیاست کرنے والوں کی بجائے کارکردگی کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ عوام بخوبی جانتے ہیں کہ پیپلز پارٹی نے اپنے پانچ سالہ دور اقتدار میں قومی اداروں کے ساتھ کیا حشر کیا۔ پی آئی اے یا ریلوے ،یہاں تک کہ حجاج کرام کے ساتھ اپنے مفادات اور کرپشن کی خاطر جو سلوک کیا گیا وہ پوری قوم کے سامنے ہے ۔ اس کے علاوہ سوئس کیس اور ہیلی کاپٹر سیکنڈل آج بھی ہر زبان زدِعا م ہے ۔اُنہوںنے کہا کہ جس بجلی بحران کا سامنا آج تک پاکستان پچھلے دو دہائیوںسے کر رہا ہے اُس کی بھی موجد 1993 ء میں قائم ہونے والی پیپلز پارٹی کی حکومت تھی جس نے اپنی کمیشن کی خاطر انتہائی مہنگی بجلی IPP'S کے ذریعے عوام کے سر ڈالی جو بعد ازاں سرکولر ڈیٹ کی صورت میں پاکستان کے سینکڑوں ارب کھا گئی ۔

اس کے برعکس مسلم لیگ (ن) نے ہزاروں میگا واٹ سستی بجلی کے منصوبے لگائے ہیں جس سے بجلی کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کے سا تھ ساتھ اس بحران پر بھی کافی حد تک قابو پا لیا گیا ہے اور 2018 ء تک بجلی بحران کا مکمل خاتمہ کر دیا جائے وفاقی وزیر نے کہا کہ آج وفاقی حکومت کے اقدامات کے باعث کراچی شہر کی روشنیاں بحال ہو چکی ہیں لیکن افسوس کہ پیپلز پارٹی نے پورے کراچی اور سندھ کو کھنڈرات میں تبدیل کر دیا ہے ۔

اُنہوں نے کہا کہ ترقیاتی کام تو درکنار کراچی اور سندھ کا کوڑا تک نہ اٹھا سکنے والے ہمیں کیا سبق سیکھائیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ سندھ میں وفاقی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کے علاوہ صوبائی حکومت کے زیر نگرانی کوئی خاطر خواہ ترقیاتی منصوبہ نظرنہیں آتاجو پیپلز پارٹی کی سندھ کی عوام سے بے حسی کی کھلی عکاسی کرتا ہے ۔چوہدری محمدبرجیس طاہرنے کہا کہ گلگت بلتستان ،آزادکشمیر اور حالیہ ضمنی انتخابات کے نتائج نے یہ بات واضح کردی ہے کہ قومی سیاست میں کرپٹ عناصر کا کردار بالکل ختم ہو گیا ہے اور عوام نے قومی دولت لوٹنے والے بد عنوان عناصر کا اپنے ووٹ کے ذریعے کڑا احتساب کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات حکومتی اُمور میں شفافیت اور کارکردگی کی بنیاد پر ہوں گے اور عوام لب کشائی کرنے والوں ،دھرنے والوں اور کرپٹ عناصر کا کڑا حتساب کریں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ بہتر ہے کہ پیپلز پارٹی کی قیادت ہمیں سبق سیکھانے کی بجائے محمدنواز شریف کی شفاف حکومت اور اُن کے وژن سے سبق حاصل کر کے صوبہ سندھ میں اپنی کارکردگی بہتر بنائے۔