قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے غیر قانونی قبضے واگزار کرنے کے ترمیمی بل 2016ء کی منظوری دیدی، سینیٹر جہانگیر بدر مرحوم اور سینیٹر حاجی عدیل مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی

بدھ 28 دسمبر 2016 16:34

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے غیر قانونی قبضے واگزار کرنے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 دسمبر2016ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے غیر قانونی قبضے واگزار کرنے کے ترمیمی بل 2016ء کی منظوری دیدی۔کمیٹی کا اجلاس بدھ کو چیئرمین رانا شمیم احمد خان کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سینیٹر جہانگیر بدر مرحوم اور سینیٹر حاجی عدیل مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔

اجلاس میں ملک میں دہشت گردی کے مختلف واقعات میں جاں بحق ہونے والوں کیلئے بھی فاتحہ خوانی کی گئی۔ کمیٹی نے کثرت رائے سے گذشتہ اجلاس کے منٹس کی منظوری بھی دی۔ رکن قومی اسمبلی سلمان خان بلوچ نے اپنا اختلافی نوٹ جمع کرایا۔ کمیٹی میں 10 حکومتی اور پرائیویٹ بلوں پر غور کیا گیا۔ کچھ بلوں کی منظوری دی گئی جبکہ کچھ کو نامنظور یا مؤخر کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے غیر قانونی قبضے واگزار کرنے کے ترمیمی بل 2016ء کی منظوری دیدی۔ رکن قومی اسمبلی سلمان خان بلوچ نے بل کی مخالفت میں ووٹ دیا۔ کمیٹی نے ارکان اسمبلی اور عام شہریوں کو اسلحہ لائسنسوں کے اجراء کے معاملہ پر بھی غور کیا۔ سیکرٹری داخلہ نے کمیٹی کو بتایا کہ اسلحہ لائسنسوں کے حوالہ سے سفارشات تیار کر لی گئی ہیں جن کو جنوری 2017ء کے اختتام تک حتمی شکل دیدی جائے گی۔

کمیٹی نے رکن قومی اسمبلی سیّد جاوید علی شاہ کی سربراہی میں ذیلی کمیٹی تشکیل دی جو کمیٹی میں زیر التواء ارکان کے نجی بلوں کے معاملہ پر غور کرے گی اور 30 دن میں اپنی رپورٹ کمیٹی کو پیش کرے گی۔ اجلاس میں ارکان قومی اسمبلی سیّد جاوید علی شاہ، غالب خان، شیخ محمد اکرم، سیّد افتخار الحسن، میاں شاہد حسین خان بھٹی، سلمان خان بلوچ، نعیمہ کشور خان، شیر اکبر خان، کشور زہرہ، آسیہ ناصر اور ثریا اصغر کے علاوہ وزارت داخلہ اور وزارت قانون و انصاف کے سینئر حکام نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :