عوام کی انسانی حقوق کے قوانین سیآگاہی نہ ہونے کے باعث ان پر صحیح طرح عمل درآمد نہیں ہورہا، انسانی حقوق کے تحٖفظ کیلئے وزارت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ ڈائریکٹر وزارت انسانی حقوق

بدھ 28 دسمبر 2016 16:20

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 دسمبر2016ء) وزارت انسانی حقوق کے ڈائریکٹر عبدالستار نے کہا ہے کہ ملک میں قوانین موجود ہیں عوام میں آگاہی نہ ہونے کی وجہ سے ان پر صیح طرح عمل درآمد نہیں ہورہا، انسانی حقوق کے تحٖفظ کیلئے وزارت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز وزارت انسانی حقوق اور غیر سرکاری تنظیم ادارہ استحکام شرکتی ترقی کے زیر اہتمام منعقدہ پانچ روزہ ورکشاپ کے تیسرے روز خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزارت نے انسانی حقوق کی بہتری اور تحفظ کے لیے نیشنل ایکشن پلان تیار کیا ہے جس پر تیزی سے کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد صوبوں کو مکمل خود مختاری دی گئی ہے اور ہماری کوشش ہے کہ صوبوں کے ساتھ ملکر کام کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ورکشاپ میں سندھ کے مختلف محکموں کے ملازمین کو مدعو کیا گیا ہے اور انہیں آگاہی اور تربیت فراہم کی جاری ہے تاکہ وہ اپنے اداروں میں واپس جاکر انسانی حقوق پر کام کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہماری عوام قانون سازی سے بے خبر رہتی ہے اور گذشتہ چند سالوں میں پارلمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں میں جتنے بھی بل پاس کیے گئے ہیں عوام کی اکثریت ان سے نا واقف ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں معلومات کی رسائی انتہائی آسان ہوچکی ہے عوام کو اپنے حقوق کے حوالے سے اسمبلیوں میں منظور ہونے والے بلوں میں دلچسپی لینی چاہیے۔

عبدالستار نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان میں بچوں، عورتوں اقلیتوں سمیت دیگر کے حقوق کے حوالے سے کام کیا جا رہاہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ تمام صوبے وزارت کے ساتھ ملکر انسانی حقوق کے لیے کام کریں۔ اس موقع پر سنئیر صحافی وسعت اللہ خان اور وزارت انسانی حقوق کی ٹیکنیکل ایڈوئزر خدیجہ علی نے میڈیا کے انسانی حقوق کے حوالے سے کردار اور قانون سازی کے موضوع پر شرکاء کو لیکچر ز دیئے۔