بلاول ،آصف زرداری کے ضمنی انتخاب لڑ کر پارلیمنٹ میں جانے کا اعلان سیاسی ، عوامی حلقوں میں موضوع بحث

بلاول ہائوس کے ترجمان کی وضاحت کے بعد قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کے عہدے کی تبدیلی کی قیاس آرائیاں دم توڑ گئیں

بدھ 28 دسمبر 2016 16:16

کراچی/لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 دسمبر2016ء) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے ضمنی انتخاب لڑ کر پارلیمنٹ میں جانے کا اعلان سیاسی اور عوامی حلقوں میں موضوع بحث ہے ، بلاول ہائوس کے ترجمان کی وضاحت کے بعد بلاول بھٹو یا آصف زرداری کے قومی اسمبلی میں خورشید شاہ کی جگہ قائد حزب اختلاف کا عہدہ سنبھالنے کی قیاس آرائیاں بھی دم توڑ گئیں۔

محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی نویں برسی کے موقع پر آصف علی زرداری نے اپنے صاحبزادے کے ہمراہ ضمنی انتخاب میں حصہ لے کر موجودہ اسمبلی میں جانے کا اعلان کیا تھا جو گزشتہ روز بھی سیاسی اور عوامی حلقوں میں موضوع بحث رہا اور اس کے ذریعے مستقبل کی تصویر کشی بھی کی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

یہ بھی قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ اسمبلی میں پہنچنے کے بعد ممکنہ طو رپر آصف علی زرداری خود یا بلاول بھٹو قائد حزب اختلاف کا عہدہ بھی سنبھالیں گے اور بھرپور اپوزیشن کریں گے۔

لیکن گزشتہ روز بلاول ہائوس کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور شریک چیئرمین کے قومی اسمبلی میں آنے سے خورشید شاہ کے عہدے پر کوئی فرق نہیں پڑے گا بلکہ وہ بدستور قائد حزب اختلاف رہیں گے۔ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کو تبدیل نہیں کیا جارہا وہ بدستور اسی عہدے پر فائز رہیں گے۔قیادت کا قائد حزب اختلاف کو تبدیل کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ۔