کراچی کار شو ملک میں آٹو موبائل صنعت کی ترقی کا مظہر ہے

00 سے زائد مختلف اقسام کی ایک سے بڑھ کر ایک گاڑیاں اور ہیوی بائیکس نمائش کیلئے پیش کی گئیں

بدھ 28 دسمبر 2016 16:07

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 دسمبر2016ء) کراچی میں منعقدہ کار شو ملک میں آٹو موبائل صنعت کی ترقی کا مظہر ہے۔ پاک وہیلز ڈاٹ کام یہ کام گذشتہ کئی سال سے انتہائی کامیابی کے ساتھ جاری رکھے ہوئے ہے۔ گذشتہ روز پورٹ گرینڈ پر منعقدہ اس شو میں ایک لاکھ سے زائد شائقین کی حاضری کراچی میں امن کی بحالی کی عکاس ہے۔ یہ کار شو اپنی نوعیت کے اعتبار سے پاکستان کا سب سے بڑا تفریحی میلہ تھا۔

سالِ گذشتہ کے مقابلے میں ا س سال یہ میلہ زیادہ دلچسپی اور رعنائی لئے ہوئے تھا جس میں سات سو سے زائد مختلف اقسام کی ایک سے بڑھ کر ایک گاڑیاں اور ہیوی بائیکس نمائش کیلئے پیش کی گئیں جو شائقین کی دلچسپی کا باعث بنی رہیں۔ کارشو کی ایک خصوصیت یہ بھی تھی کہ اس میں موٹر گاڑیوں کے شوقین افراد کے لئے ایک جگہ مل بیٹھنے کا موقع بھی فراہم کیا گیا تھا جبکہ موسیقی کے لوازمات اور کھانے پینے کے اسٹالز کا بھی اہتمام تھا۔

(جاری ہے)

شرکاء ان سہولتوں سے بھرپور انداز میں لطف اندوز ہوتے رہے۔ کارشو میں متعلقین کا شوق دیدنی تھا۔ آٹو موبائل کے اس سب سے بڑے شو میں کراچی کے علاوہ دیگر شہروں سے بھی شائقین نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور باہمی تجربات پر تبادلہ خیال کیا۔ میلہ شائقین کے لئے میل جول کی ایک بہترین تقریب تھی جس نے نہ صرف انہیں تفریح کے انمول مواقع فراہم کئے بلکہ لوگوں کے اذہان پر ملک کی ترقی اور عوام کے تفریحی زوق کے انمٹ نقوش ثبت کئے۔

متعلقہ عنوان :