بحرین کے بادشاہ شیخ حماد بن عیسیٰ اور شاہی خاندان کے دیگر افراد کو تلور کے شکار کیلئے پرمٹ جاری

شکار کی اجازت 7 افراد کو دی گئی ہے ،خصوصی پرمٹ 2017ء تک کارآمد رہیں گے

بدھ 28 دسمبر 2016 14:17

بحرین کے بادشاہ شیخ حماد بن عیسیٰ اور شاہی خاندان کے دیگر افراد کو تلور ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 دسمبر2016ء) وفاقی حکومت نے بحرین کے بادشاہ شیخ حماد بن عیسیٰ اور شاہی خاندان کے دیگر افراد کو تلور کے شکار کیلئے پرمٹ جاری کر دیئے ۔نجی ٹی وی کے مطابق قطری شہزادوں کے بعد وفاقی حکومت نے عرب ملک بحرین کے شاہی خاندان کو بھی پاکستان میں تلور کے شکار کی اجازت دیدی ۔ شیخ حماد بن عیسیٰ سمیت خاندا ن کے دیگر افراد کیلئے 7خصوصی پرمٹ جاری کئے گئے ہیں جو 2017ء تک کارآمد رہیں گے ۔

وفاقی حکومت کی جانب سے جن افراد کو پرمٹ دیئے گئے ہیں ان میں بحرین کے بادشاہ کے بزرگ رشتہ دار ، مشیر دفاع، فیلڈ مارشل ، آرمی چیف اور شاہی خاندان کے دیگر اراکین شامل ہیں ۔ان پرمٹوں پر وفاقی وزارت خارجہ کے ڈپٹی چیف آف پروٹوکول نعیم اقبال چیمہ نے دستخط کئے ہیں اور ان کو اسلام آباد میں موجود بحرین کے سفارت خانے کے ذریعے ان کے شاہی خاندان کو بھجوا دیا گیا ہے جس میں انہیں ضلع جامشورو کا علاقہ شکار کیلئے فراہم کیا جائیگا جس میں تھانو بولا خان، کوٹری، منج ہاند اور سہون کی تحصیلیں شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

بحرین کے بادشاہ کے بزرگ رشتہ دار شیخ ابراہیم بن حماد بن عبداللہ الخلیفہ کو شاہ بہادر تحصیل اور جان آباد، اور ضلع ٹھٹھہ کی سونڈا یونین کونسل میں شکار کی اجازت دی گئی ہے جبکہ مشیر دفاع شیخ عبداللہ بن سلمان الخلیفہ ضلع ٹھٹھہ کی تحصیل تاجی میں تلور کاش کار کرینگے،اس کے علاوہ بحرین کے فیلڈ مارشل اور بحرین کی دفاعی فورسز کے چیف کمانڈر شیخ خلیفہ احمد الخلیفہ بلوچستان کے ضلع ماشوخیل کی تحصیل تویسار میں تلور کا شکار کریں گے جبکہ بحرین کے بادشاہ کے کزن اور وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل شیخ راشد بن عبداللہ الخلیفہ بلوچستان کے ضلع جعفر آباد میں نایاب پرندے کا شکار کرینگے۔