وفاقی وزیر منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مابین بیجنگ میں مختصر و غیر رسمی ملاقات

بدھ 28 دسمبر 2016 13:51

وفاقی وزیر منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا ..
بیجنگ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 دسمبر2016ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کے مابین بدھ کو بیجنگ میں مختصر و غیر رسمی ملاقات ہوئی۔ وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے خیبر پختونخوا کے نئے منصوبوں کی سی پیک میں شمولیت کے امکان پر اظہار اطمینان کیا۔ اس موقع پر پرویز خٹک نے کہا کہ جے سی سی اجلاس میں شرکت کرکے اچھے تجربات حاصل ہوئے اور کافی کامیاب ملاقاتیں ہوئیں جس کے دور رس نتائج برآمد ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سی پیک پاکستان کیلئے نہیں بلکہ پورے خطہ کیلئے گیم چینجر ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت منصوبوں سے خیبرپختونخوا اور فاٹا کے علاقوں کی تقدیر بدلے گی۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ آپ کے ساتھ ملاقاتیں کامیاب رہیں، خیبر پختونخوا میں نئے منصوبوں کی سی پیک میں شمولیت سے پاکستان مضبوط ہو گا۔ احسن اقبال نے کہا کہ وفاقی حکومت کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ سی پیک میں تمام صوبوں کو شامل رکھا جائے اور پسماندہ علاقوں کو ترقی کے دھارے میں شامل کرنا وزیراعظم پاکستان کے خواب کی تعبیر ہے۔

متعلقہ عنوان :