لاہور‘ زیر تعمیر ریسٹورنٹ میں گیس سلنڈر دھماکہ،26 افراد جھلس کر زخمی

بدھ 28 دسمبر 2016 13:42

لاہور‘ زیر تعمیر ریسٹورنٹ میں گیس سلنڈر دھماکہ،26 افراد جھلس کر زخمی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 دسمبر2016ء) لاہور میں زیر تعمیر ریسٹورنٹ میں گیس سلنڈر پھٹنے سے آگ لگنے کے باعث 26 افراد جھلس گئے۔ ریسکیو کے مطابق لاہور کے علاقے وحدت روڈ پر واقع ایک زیر تعمیر ریسٹورنٹ میں کام جاری تھا کہ وہاں موجود گیس سلنڈر اچانک دھماکے سے پھٹ گیا اور آگ لگ گئی۔

(جاری ہے)

آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے ریسٹورنٹ اور اس سے ملحقہ پلاسٹک کے برتنوں کی دکان کو لپیٹ میں لے لیا جس کے نتیجے میں26 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔

زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا جن میں سے دو افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق زخمی ہونے والوں میں زیادہ تر مزدور تھے، جو عمارت میں کام میں مصروف تھے۔آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی جبکہ بعد ازاں فائر بریگیڈ کو بھی طلب کر لیا گیا۔ڈی سی او لاہور محمد عثمان نے آگ لگنے کے واقعے کی تحقیقات کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :