وزارت انسانی حقوق کے تحت عوام میں بنیادی حقوق بارے شعور میں اضافے کے اقدامات جاری

بدھ 28 دسمبر 2016 12:15

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 دسمبر2016ء)وزارت انسانی حقوق کے تحت عوام میں بنیادی حقوق کے بارے میں شعور وآگاہی بڑھانے کے لئے متعدد اقدامات کئے گئے ہیں جن کے تحت زندگی کے حق، انسانی زندگی کی عظمت وتوقیر، برداشت اور بین المذاہب ہم آہنگی پر بھرپور توجہ دی جارہی ہے جبکہ خواتین ، اقلیتوں ، بچوں، بزرگوں اور معذوروں کے حقوق پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔

وزارت انسانی حقوق کے ذرائع نے بتایا کہ اس ضمن میں مختلف تقریبات ، اشتہارات اور کئی دیگر فورمز پر انسانی حقوق کی قدرومنزلت کو اجاگر کیا جارہاہے ۔اسلام آباد میں حا ل ہی میں پبلک مقامات پر تشدد خصوصا خواتین پر تشدد کی روک تھام بار ے بڑے بڑے بینرز آویزاں کئے گئے ہیں اور انسانی حقوق کے احترام اور ان پر عملدرآمد کے لئے آگاہی مہم چلائی جا رہی ہے کیونکہ موجودہ حکومت پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کو بڑی اہمیت دیتی ہے اور ہیلپ لائن 1099 کاقیام بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔

(جاری ہے)

وزارت انسانی حقوق کے ذرائع نے بتایا کہ انسانی حقوق کے متاثرہ افراد اور مستحقین کی داد رسی کے لئے قائم ہیلپ لائن مکمل طور پر کام کر رہی ہے اور انسانی حقوق کے ملک بھر سے متاثرین کو قانونی مشورہ کی شکل میں اور حوالہ جاتی معاونت کرتے ہوئے داد رسی کی جا رہی ہے ۔ وزارت انسانی حقوق کے ذرائع نے بتایا کہ اب تک ہزاروں کی تعداد میں موصول ہونے والی شکایات میں سے ہزاروں مستحق کالرز کو مفت قانونی مشورہ دیا گیا اور ان کے کیسز داد رسی کے لئے متعلقہ اداروں اور محکموں کے سپرد کئے گئے ۔وزارت انسانی حقوق کے ذرائع نے بتایا کہ آئندہ سال تک ہیلپ لائن مر کز کی کارکردگی مزید بہتر بناکر سینٹرز کی استعداد کار بڑھا دی جائے گی ۔