صارفین کی شکایات کا فوری ازالہ کیاجائے،چیف ایگزیکٹومیپکو

منگل 27 دسمبر 2016 22:32

ملتان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 دسمبر2016ء)چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر مسعود صلاح الدین نے کہا ہے کہ سب ڈویژن کی سطح پر ڈسٹری بیوشن سسٹم کی دیکھ بھال وقت کی ضرورت ہے‘ سب ڈویژن اپنے فیڈرز سے بجلی کی بلاتعطل فراہمی کی ذمہ دار ہے ۔ وہ بہاولنگر میں فرسٹ سب ڈویژن کے دورہ کے موقع پر سٹاف سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ سب ڈویژن ہمارا بنیادی یونٹ ہے اور صارفین کا براہ راست رابطہ اسی دفتر سے ہوتاہے‘ صارفین کی شکایات کا فوری ازالہ کریں ۔

انہوں نے کہا کہ ملازمین کسی بھی کام کو کرتے وقت اپنی حفاظت کا خاص خیال رکھیں ۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر نے کہا کہ سیفٹی آلات کی کمی نہیں ہے ۔ ملازمین ہر اس کام سے انکار کردیں جہاں ان کی جان کو خطرہ ہو ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میپکو انتظامیہ سٹاف کے لئے ہرممکن اقدامات اٹھارہی ہے ۔ ایس ڈی او فرسٹ سب ڈویژن بہاولنگر شفیق میئو نے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو سب ڈویژن کے بارے میں بریفنگ دی ۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر نے تخت محل فیڈرکے لئے 20کلومیٹر نیا کنڈکٹر دینے کی ہدایت کی اور2فیڈرز کی بائی فرکیشن کی ہدایت کی ۔انہوں نے کہا کہ جنوری میں تمام خراب میٹرز تبدیل ہوجانے چاہئے ۔میٹر وافر مقدار میں دئیے جاچکے ہیں انہیں فوری تبدیل کیاجائے ۔میپکو ٹوفیز پر چلنے والے تمام ٹرانسفارمرز تبدیل کررہی ہے ۔ فوری طورپر بہاولنگر میں جلنے والے ٹوفیز ٹرانسفارمرز تبدیل کروائے جائیں ۔

انہوں نے کہا کہ فیڈرز کی دیکھ بھال میں کوتاہی نہ برتی جائے ۔بجلی چوری پکڑنے کی شرح کم ہے اس پر توجہ دیں ۔ ایس ڈی او بڑے کنکشنز پر خود ریڈنگ لینے جائیں ۔ ایڈوانس اور ڈرافٹ پیرے پر کام کریں اور انہیں ختم کروائیں ۔چیف ایگزیکٹو آفیسر نے ٹرانسفارمرز کا آئل پورا کرنے کے لئے فوری طورپر سٹورز میں تیل فراہم کرنیکا حکم دیا ۔ انہوں نے ایکسین ایم اینڈ ٹی بہاولنگر سرکل کو ہدایت کی کہ سیزنل کنکشنز چیک کرکے رپورٹ فراہم کی جائے ۔بعدازاں چیف ایگزیکٹو آفیسر نے فیلڈ میں جاکر ٹرانسفارمرز کی درست تنصیب کا جائزہ لیا ۔