ایوان صدر میں یوم قائد پر مبینہ طور پر چوری شدہ تقریر نشر ہونے سے رکوانے سے متعلق دائر درخواست خارج

منگل 27 دسمبر 2016 22:21

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 دسمبر2016ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایوان صدر میں یوم قائد پر مبینہ طور پر چوری شدہ تقریر نشر ہونے سے رکوانے سے متعلق دائر درخواست خارج کر دی ہے۔ یا د رہے کہ عدالت عالیہ کے جسٹس عامر فاروق نے 23 دسمبر کو درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کیا تھا جو گزشتہ روز سنایا گیا۔

تقریر رکوانے کے لئے درخواست 11 سالہ محمد سبیل حیدر نے دائر کی تھی اپنی درخواست میں سیکرٹری ٹو پریذیڈنٹ، ایڈیشنل سیکرٹری پریذیڈنٹ سیکرٹریٹ ، ڈائریکٹر کالجز ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن ، پیمرا ، ایم ڈی پی ٹی وی و دیگر کو فریق بنایا گیا تھادرخواست گزاربچے کے مطابق اس نے ا پنے والد کی معاونت سے اس تقریرکامسودہ تیارکیاتھا اوربعد ازاں تقریر کے حوالے سے ریہرسل میں بھی حصہ لیا‘ میری تقریر کونہ صرف منظور کیا بلکہ اس کی تعریف بھی کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

بعدازاں اپنی تقریرپڑھنے کیلئے تقریب میں حصہ لینے کے سلسلہ میں مطلوبہ لباس بھی خریدا تھا لیکن 22 دسمبر کو سائل کو بتایا گیا کہ تقریر ایک لڑکی پیش کرے گی۔ لڑکی نے جب ریکارڈنگ کے لئے تقریر کی تو پتہ چلا کہ یہ تو میری تقریر تھی جو چوری کی گئی تھی۔ جسٹس عامر فاروق نے 23 دسمبر کو درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ تاہم منگل کوجسٹس عامرفاروق نے درخواست کی سماعت کرتے ہوئے خارج کردی۔