برآمدات میں کمی کے رجحان کے خاتمے کیلئے حکومت ٹیکسٹائل کی برآمدی صنعت کیلئے خصوصی ییکج کا فوری اعلان کرے،پی ٹی ای اے

منگل 27 دسمبر 2016 22:19

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 دسمبر2016ء)برآمدات میں مسلسل کمی اور بڑھتا ہوا تجارتی خسارہ ملکی معیشت کیلئے انتہائی نقصان دہ ہے۔ برآمدات میں کمی کے رجحان کے خاتمے کیلئے حکومت وزیر اعظم پاکستان کے وعدے کے مطابق ٹیکسٹائل کی برآمدی صنعت کیلئے خصوصی ییکج کا فوری اعلان کرے ۔یہ بات پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (پی ٹی ای ای)کے چیئرمین اجمل فاروق اور وائس چیئرمین محمد نعیم نے ایک بیان میں کہی ۔

ملکی برآمدات میں مسلسل کمی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ برآمدات اور درآمدات میں عدم توازن سے ملکی معیشت پہلے ہی شدید دبائو کا شکار ہے جبکہ پیداواری عمل متاثر ہونے سے بڑے پیمانے پر روزگار کے مسائل میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

پی ٹی ای اے کے چیئرمین اجمل فاروق نے کہا کہ پیداواری لاگت میں اضافے سے ٹیکسٹائل انڈسٹری مسلسل بحران کا شکار ہے اور ہماری مصنوعات عالمی مارکیٹ میں دیگر ممالک کی نسبت عدم مسابقت کا شکار ہیں ۔

انھوں نے کہا کہ انہی مسائل کے باعث ٹیکسٹائل کی 30 فیصد سے زائد پیداواری صلاحیت بند پڑی ہے اور عالمی تجارت میں ہمارا شیئر کم ہوتا جا رہا ہے جبکہ اسکے برعکس حریف ممالک بھارت، بنگلہ دیش، چائنہ اور ویتنام کم پیداواری لاگت کے باعث عالمی تجارت میں مسلسل آگے بڑھ رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ حریف ممالک سے بہتر مسابقت کے حصول اور عالمی تجارت میں آگے بڑھنے کیلئے ضروری ہے کہ سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے جامع پالیسیاں مرتب کی جائیں۔

پی ٹی ای اے نے ٹیکسٹائل برآمدات میں ترقی اور ملک میں معاشی خوشحالی کیلئے وزیراعظم پاکستان کے وعدے کے مطابق خصوصی پیکج کے فوری اعلان کا مطالبہ کیا جس سے ناصرف بند پیداواری یونٹس کی بحالی میں مدد ملے گی بلکہ صنعتی عمل میں تیزی آئے گی اور روزگار کے وسیع مواقع میسر آئینگے ۔