عزیز بھٹی شہید ہسپتال میں جدید ٹراما سنٹر اور برن یونٹ کا جنوری کے وسط میں باقاعدہ افتتاح کر دیا جائے گا،لیاقت علی چٹھہ

منگل 27 دسمبر 2016 22:19

لالہ موسیٰ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 دسمبر2016ء) ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا ہے کہ عزیز بھٹی شہید ہسپتال میں جدید ٹراما سنٹر اور برن یونٹ کا جنوری کے وسط میں باقاعدہ افتتاح کر دیا جائے گا، ہسپتالوں کی ویسٹ مینجمنٹ کیلئے ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تنصیب کا کام بہت جلد شروع کر دیا جائیگا، نواز شریف میڈیکل کالج اپ گریڈیشن کے تحت میڈیکل بلاک کی تعمیر اپریل تک یقینی بنائی جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میں مریضوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ای ڈی او فنانس چوہدری اصغر، ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر الطاف حسین چوہدری، ڈی او ز انصار علی ، محمد عمران، امیتاز احمد چوہدری ، ایم ایس ڈاکٹر شاہد معروف، ٹی ایم او خرم محمود، ممتاز سماجی شخصیت امتیاز کوثر ، چوہدری سلیم، خادم علی خادم و دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ ممتاز سماجی شخصیت ڈاکٹر محمد سرور کے زیر اہتمام تین کروڑ روپے لاگت سے تعمیر ہونیوالے برن یونٹ کیلئے پلاسٹک سرجن اور دیگر سٹاف کی بھرتیوں کا عمل مکمل کیا جاچکا ہے ،برن یونٹ میں مشینری کی تنصیب کا عمل جلد مکمل کیا جائے اس مقصد کیلئے ایم ایس عزیز بھٹی شہید ہسپتال اور ڈاکٹر سرور ملکر اقدامات کو حتمی شکل دیں۔

ڈی سی او نے بتایا کہ 12کروڑ روپے لاگت سے ماڈل ٹراما سنٹر کی تعمیر آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے منصوبے کے اخراجات سماجی شخصیت امتیاز کوثر برداشت کر رہے ہیں، ٹراما سنٹر میں تنصیب کیلئے سی ٹی سکین پہنچا دی گئی ہے نیز ایکسرے مشین بھی نصب کر دی گئی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ٹراما سنٹر میں بجلی کے نئے کنکشن کے حصول کیلئے اقدامات تیز کئے جائیں۔

ڈی سی او نے ہدایت کی کہ موجودہ ایمرجنسی بلاک کی جگہ کثیر المقاصد ، کثیر المنزالہ بلاک کی تعمیر کیلئے منصوبہ تیزی سے مکمل کی جائے ۔ انہوںنے بتایا کہ ہسپتال ویسٹ مینجمنٹ کیلئے حکومت نے گجرات میں پلانٹ لگانے کی منظوری دیدی ہے اس مقصد کیلئے 29جنوری کو ٹینڈرز طلب کئے گئے ہیں۔ انہوںنے ہدایت کی کہ ہسپتال انتظامیہ ہسپتال کی بیرونی دیوار کے ساتھ کسی کو ریڑھی او ر اشتہارات لگانے کی ہرگز اجازت نہ دیں، طبی آلات کو فنکشنل رکھا جائے نیز کوئی مشین خراب ہے تو اسے فوری مرمت کرایا جائے۔

انہوںنے بلڈنگز ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت کی کہ ایمرجنسی کے باہر شیڈ کی تعمیر، تزئین و آرائش کے دوران بنائے گئے ٹائلٹ بلاکس اور دیگر منصوبہ جات کا از سر نو جائزہ لیا جائے اور جہاں کمی ہو اسے دور کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :