یونیورسٹی آف گجرات میں گرلز ہاسٹل اور 22رہائش گاہیں مکمل کرکے انتظامیہ کے حوالے کر دی گئی ہیں،ڈی سی او

منگل 27 دسمبر 2016 22:19

لالہ موسیٰ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 دسمبر2016ء)ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا ہے کہ یونیورسٹی آف گجرات میں گرلز ہاسٹل اور 22رہائشگاہیں مکمل کرکے یونیورسٹی انتظامیہ کے حوالے کر دی گئی ہیں، جلالپور جٹاں روڈ سے یونیورسٹی تک سڑک کو دو رویہ کرنے کیلئے فوری طور پر اقدامات کا آغاز کیا جائے گا، ان خیالات کا اظہار انہوںنے یونیورسٹی آف گجرات کے ترقیاتی کاموں پر کام کی رفتار کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، وائس چانسلر ڈاکٹر ضیا القیوم، اے ڈی سی عرفان علی کاٹھیا، اسسٹنٹ کمشنر گجرات ظہیر عباس چٹھہ، ای ڈی او فنانس چوہدری اصغر ، ای ڈی او ورکس محمد شریف اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ گرلز ہاسٹل اور رہائشگاہوں کی تعمیر سے یونیورسٹی کو اس حوالے سے درپیش مسائل کا ازالہ ہوگا، انہوں نے کہا کہ پبلک ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ نے واٹر سپلائی، سیوریج نالہ کی تعمیر مکمل کر لی ہے تاہم واٹر سپلائی اور سیوریج کیلئے بجلی کنکشن کے حصول کیلئے فوری گیپکو حکام سے رابطہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ یونیورسٹی سے ملحقہ موضع کوٹ امیر حسین کے گورنمنٹ پرائمری سکول کے ننھے طلبہ کو حادثات کے خطرہ کے پیش نظر گائوں کے قریب منتقل کر دیا جائے گا نیز سکول کو مڈل کی حیثیت سے ا پ گریڈ بھی کیا جائے گا، اس مقصد کیلئے اراضی کی خریداری اور بلڈنگ کی تعمیر کیلئے وسائل یونیورسٹی آف گجرات فراہم کریگی ۔

ڈی سی او نے ہدایت کی کہ یونیورسٹی کی نئی تعمیرات تک رسائی کیلئے انٹرنل روڈز کی تعمیر کیلئے انتظامی منظوری حاصل کرکے ٹینڈرنگ کا عمل بلاتاخیر شروع کیا جائے۔ اس سے قبل مختلف محکموںکے سربراہان اور یونیورسٹی کے متعلقہ حکام نے اجلاس کو بریفنگ دی۔