سی ڈی اے بورڈ نے ڈیلی ویجز ملازمین کی کم از کم تنخواہ 14 ہزار مقرر کر دی

منگل 27 دسمبر 2016 16:59

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 دسمبر2016ء) سی ڈی اے مزدور یونین کے مطالبہ پر سی ڈی اے بورڈ نے ڈیلی ویجز ملازمین کی کم از کم تنخواہ 14 ہزار مقرر کر دی، فیصلہ کا اطلاق یکم جنوری 2017ء سے ہو گا اور تمام ملازمین کو یکم جولائی 2016ء سے بقایا جات 6 قسطوں میں ادا کئے جائیں گے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل فنانس نے بورڈ کو ڈیلی ویجز ملازمین کی تنخواہوں کے حوالہ سے بریف کیا۔

جنر ل سیکرٹری سی ڈی اے مزدور یونین چوہدری محمد یٰسین کی جانب سے سی ڈی اے افسران سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ ڈیلی ویجز ملازمین کی تنخواہ میں حکومت کے مقررکردہ ریٹ کے مطابق اضافہ کیا جائے،ڈپٹی ڈی جی فنانس کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن 10830/1312/BM/16میں کہا گیا ہے کہ چوہدری محمد یٰسین کی درخواست پر ڈیلی ویجز ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کر تے ہوئے 14 ہزار روپے ماہانہ کر دی گئی ہے، لیٹر مذکورہ میں یہ بھی تحریر کیا گیا ہے کہ تنخواہوں میں اضافے کے حوالے سے سمری منظوری کیلئے یکم جولائی 2016ء کو پیش کی گئی تھی جس کی سی ڈی اے بورڈ نے منظوری دی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سی ڈی اے ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور انہوں نے قائد مزدور یونین کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین نے چیئرمین سی ڈی اے و میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز اور سی ڈی اے بورڈ ممبران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یقیناً اس فیصلے سے سی ڈی اے ملازمین کی مشکلات میں کمی آئے گی اور وہ خوشحال ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :