قرآن حکیم کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر عہد حاضر کے مسائل سے چھٹکارا حاصل کیا جا سکتا ہے، قرآن پاک کے ضعیف اوراق کا تقدس برقرار رکھنے کیلئے حکومت ہر ممکن کردار ادا کر رہی ہے، قرآن محل جیسے ادارے کا قیام قابل تحسین عمل ہے‘ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کا قرآن پاک کے ضعیف اوراق جمع کرنے کے حوالہ سے قائم ادارے قرآن محل کی افتتاحی تقریب سے خطاب

منگل 27 دسمبر 2016 16:18

قرآن حکیم کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر عہد حاضر کے مسائل سے چھٹکارا ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 دسمبر2016ء) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ قرآن حکیم کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر عہد حاضر کے بہت سے مسائل سے چھٹکارا حاصل کیا جا سکتا ہے، قرآن پاک کے ضعیف اوراق کا تقدس برقرار رکھنے کیلئے حکومت ہر ممکن کردار ادا کر رہی ہے، اس حوالہ سے قرآن محل جیسے ادارے کا قیام قابل تحسین عمل ہے۔

وہ منگل کو یہاں قرآن پاک کے ضعیف اوراق جمع کرنے کے حوالہ سے قائم قرآن محل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ ’’قرآن محل‘‘ مدرسہ خلفائے راشدین کے زیر انتظام قائم کیا گیا ہے۔ ادارے کے قیام کا مقصد قرآن حکیم کے ضعیف اوراق کو جمع کرکے ان کی ری سائیکلنگ کا انتظام کرنا ہے۔ وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے ادارے کا افتتاح کیا ، اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ قرآن حکیم کے مقدس اوراق کا تقدس برقرار رکھنا ہر مسلمان کی مذہبی ذمہ داری ہے، قرآن حکیم کے مقدس اوراق کی ری سائیکلنگ کیلئے حکومتی سرپرستی سے ری سائیکلنگ پلانٹ لگایا جا رہا ہے اور اس حوالہ سے حکومت اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قرآن حکیم کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر نہ صرف عہد حاضر کے بہت سے مسائل سے نجات مل سکتی ہے بلکہ اس کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر دنیا و آخرت کی کامیابیوں کا حصول بھی ممکن ہے۔