ڈی سی او فیصل آبادکی محکمہ مال کے افسران کو لوگوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت

پیر 26 دسمبر 2016 23:50

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 دسمبر2016ء)ڈی سی او سلمان غنی نے محکمہ مال کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ لوگوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں اس ضمن میں انہیں بار بار دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں ۔ انہوں نے یہ ہدایت اپنے دفتر میں کھلی کچہری کے دوران لوگوں کی شکایات سنتے ہوئے کہی ۔ ڈی سی او نے لوگوں کی شکایات پر مبنی درخواستوں پر متعلقہ محکموں کے افسران کو احکامات جاری کئے اور ہدایت کی کہ لوگوں کے مسائل حل کرکے انہیں رپورٹ پیش کریں ۔

ڈی سی او نے اسسٹنٹ کمشنرز سے کہا کہ وہ پٹواریوں اور دیگر سٹاف کو وقت کا پابند بنائیں اور زمینوں سے متعلق تمام ریکارڈ اپ ٹوڈیٹ ہونا چاہئے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ محکمانہ بدانتظامی اور بدعنوانی قطعاء برداشت نہیں کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

ڈی سی او نے ٹی ایم ایز ‘ محکمہ صحت و تعلیم ‘واسا اور دیگر محکموں کے بارے میں لوگوں کی شکایات سنیں اور بعض علاقوں سے تجاوزات کے خاتمے ‘ سیوریج نظام کی فوری درستگی اور صفائی ستھرائی کے اقدامات کرنے کی ہدایت کی ۔

ڈی سی او نے کہا کہ شہریوں کو بنیادی سہولیات سے متعلق ہر ممکن ریلیف کی فراہمی کے لئے ضلعی انتظامیہ سرگرم عمل ہے اس ضمن میں محکمانہ سروسز کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ مختلف ترقیاتی منصوبوں پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے ۔ انہوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ اپنے مسائل کے حل کے لئے بلاجھجھک ان کے دفتر سے رابطہ رکھیں۔