فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی طرف سے شہر میں صفائی کا نظام نجی کمپنی کو ٹھیکہ پر دینے کی منصوبہ بندی

پیر 26 دسمبر 2016 23:50

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 دسمبر2016ء) فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی طرف سے شہر میں صفائی کا نظام نجی کمپنی کو ٹھیکہ پر دینے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے اس سلسلے میں بولی کیلئے طے شدہ شرائط اور قواعد و ضوابط پر مبنی دستاویزات کی منظوری دی گئی۔یہ منظوری بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں دی گئی جو چیئرمین فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی / ایم این اے حاجی اکرم انصاری کی زیر صدارت ڈی سی او آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں ڈی سی او سلمان غنی،ارکان صوبائی اسمبلی فقیر حسین ڈوگر اور فاطمہ فریحہ کے علاوہ بورڈ کے دیگر اراکین قائمقام صدر چیمبر آف کامرس رائوسکندراعظم،سابق صدر چیمبر آف کامرس انجینئر رضوان اشرف،ڈین آف انجینئرنگ جی سی یونیورسٹی فرحت عباس،رجسٹرار جی سی وومن یونیورسٹی کشور ناہید رانا،ڈاکٹر معصومہ سردار،قائمقام ایم ڈی کرنل عماد گل،ای ڈی او (میونسپل سروسز)/ ڈی او (سی) آفتاب احمد،ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر نوازش گورایہ،اربن یونٹ کے پروکیورمنٹ سپیشلسٹ نوید خالد،ڈپٹی سیکرٹری فنانس محمد عمران و دیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ فیصل آباد شہر میں صفائی کا نظام جدید خطوط پر استوار کرنے اور سو فیصد کوڑا اٹھا کر ٹھکانے لگانے کی استعداد پیدا کی جائے گی اس سلسلے میں صفائی کے نظام کو آوٹ سورس کیا جارہا ہے جس کیلئے بین الاقوامی سطح پر اظہار دلچسپی کا اشتہار جاری کیا گیا تھا جس پر مجموعی طور پر 9 کمپنیز نے دلچسپی ظاہر کی ہے جن میں سے سات نے پری کوالیفائی کرلیا ہے ان میں دو پاکستانی باقی چائنا و ترکی کی کمپنیز ہیں اور بولی کی دستاویزات 30 دسمبر 2016 تک جاری کی جائیں گی۔

اس موقع پر سات سالہ ٹھیکہ کیلئے اربن یونٹ نے پنجاب کی طرف سے تیار کردہ بولی کی دستاویزات کی تمام شرائط و قواعد و ضوابط کے معیار کا جائزہ لیا گیا اور فنانس ڈیپارٹمنٹ کی بعض نشاندہی کے مطابق بعض ترامیم کا فیصلہ کیا گیا۔چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹر/ ایم این اے حاجی اکرم انصاری نے قائمقام ایم ڈی کو ہدایت کہ وہ کمپنی کے تمام امور کو شفاف رکھنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں اور ممبرز کی تجاویز و مشاورت کو مقدم رکھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ صفائی کے نظام کو نئے سیٹ اپ کے مطابق شہر کی 157 سٹی کونسلز پر محیط سینٹری سٹاف کا پلان ترتیب دیں اور ہر سٹی کونسل کے گلی کوچوں میں باقاعدگی سے صفائی کو یقینی بنایا جائے۔اجلاس کے دوران بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ممبران نے صفائی کے نظام کی بہتر ی کیلئے بعض تجاویز پیش کیں۔

متعلقہ عنوان :