پی ٹی سی ایل کے فائبر آپٹک سسٹم میں خرابی سے ملک کے مختلف شہروں میں ٹیلی فون اور انٹرنیٹ سروس گھنٹوں معطل رہیں ،صارفین کو شدید پریشانی کا سامنا

بعض موبائل فون کمپنیوں کی سروس بھی جزوی متاثر رہی ، پی ٹی سی ایل کی تکنیکی ٹیموں کی کئی گھنٹوں کی کاوشوں کے بعد سروسز بحال ہو گئیں تکنیکی خرابی آپٹک فائبر کے منقطع ہونے کے باعث پیدا ہوئی جو بلوچستان اور کراچی میں 4 مقامات پر منقطع ہوئی‘ پی ٹی سی ایل حکام

پیر 26 دسمبر 2016 22:20

کراچی/اسلام آباد/لاہور/کوئٹہ /پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 دسمبر2016ء) پی ٹی سی ایل کے فائبر آپٹک سسٹم میں خرابی سے ملک کے مختلف شہروں میں ٹیلی فون اور انٹرنیٹ سروس گھنٹوں معطل رہیں جس سے صارفین کو گھنٹوں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا،بعض موبائل فون کمپنیوں کی سروس بھی جزوی متاثر رہی ، پی ٹی سی ایل کی تکنیکی ماہرین کی ٹیموں کی کئی گھنٹوں کی کاوشوں کے بعد انٹر نیٹ ،ٹیلیفون کی سروسز جزوی بحالی کے بعد مکمل بحال ہو گئیں ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سوموار کے روز پی ٹی سی ایل کے فائبر آپٹک سسٹم میں اچانک فنی خرابی پیدا ہوگئی جس سے کراچی ، اسلام آباد ،لاہور اور کوئٹہ سمیت ملک کے مختلف شہروں میں ٹیلی فون، انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس معطل ہو گئیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ سسٹم میں خرابی سے کراچی، اسلام آباد، لاہور/ملتان، بدین، سکھر، حب، سوراب،پشاور اور دیگر شہروں میں ٹیلی فون اور انٹرنیٹ سروس متاثر ہوگئی ہے جبکہ بعض موبائل فون کمپنیوں کی سروس بھی جزوی متاثر ہوئی ۔

پی ٹی سی ایل سسٹم میں خرابی سے پشاورمیں ڈی ایس ایل نہ ملنے سے انٹرنیٹ کا لنک ڈان ہوگیا جس سے واٹس ایپ سروس بھی بند ہوگئی۔ترجمان پی ٹی سی ایل نے بتایا کہ فائبر آپٹک سسٹم میں خرابی بلوچستان اور کراچی کے مقامات پر پیدا ہوئی ہے جہاں بلوچستان میں حب، خضدار اور سوراب میں خرابی سامنے آئی ہے جبکہ کراچی میں گلشن حدید اور نوری آباد میں فائبر آپٹک میں فنی خرابی ہوئی جس کے باعث ٹیلی فون اورانٹرنیٹ سروس متاثر ہے۔

اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ کے زیادہ ترعلاقوں میں سروسز معطل ہونے سے صارفین شدید پریشان ہو گئے۔ سرکاری اور نجی دفاتر میں بھی انٹرنیٹ سروس متاثر ہوئیں جس سے بڑے پیمانے پر نقصان کا تخمینہ لگایا گیا ہے ۔ اسلام آباد میں پی ٹی سی ایل حکام کے مطابق نارتھ اور سائوتھ کے بعض علاقوں میں انٹرنیٹ اور لینڈلائن سروسز کو نقصان پہنچا ہے۔

اندرون پنجاب ، سندھ کے کئی اضلاع جبکہ بلوچستان میں خضدار ، اتھل، حب اور سوراب کے درمیان رابطہ منقطع ہو گیا۔پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ حکام نے کہا ہے کہ تکنیکی خرابی آپٹک فائبر کے منقطع ہونے کے باعث پیدا ہوئی جو بلوچستان اور کراچی میں 4 مقامات پر منقطع ہوئی۔حکام کا کہنا تھا کہ کراچی میں آپٹک فائبر گلشن حدید اور نوری آباد کے علاقوں میں منقطع ہوئی، جبکہ بلوچستان میں آپٹک فائبر اوتھل، حب، خضدار اور سوراب کے درمیان منقطع ہوئی۔

پی ٹی سی ایل کے جنرل منیجر کمیونیکیشنز عمران جنجوعہ نے تکنیکی خرابی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ تکنیکی نقص سے ملک کے کئی شہروں میں ڈیٹا سروس متاثر ہوئی۔پی ٹی سی ایل کی تکنیکی ٹیموں کی کئی گھنٹوں کی کاوشوں کے بعد سروسز جزوی بحال ہوئیں اور اس کے بعد مکمل بحال کر دی گئیں۔